جی ہاں میں چوروں کیلئے ہٹلر ہوں

نا انصافی کے خاتمہ کیلئے ہٹلر کا دادا بھی بن سکتا ہوں، کے سی آر کا رد عمل
حیدرآباد 17 اگست (پی ٹی آئی ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے 19 اگست کو جامع گھریلو سروے کرنے حکومت تلنگانہ کے متنازعہ فیصلہ کی پر زور مداخلت کرتے ہوئے آج کہا کہ نا انصافیوں کا خاتمہ کرنے کیلئے ہٹلر کی طرح کام کریں گے ۔مسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج یہاں اپنے کیمپ آفس ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک کہتا ہے کہ کے سی آر ہٹلر ہے۔ دوسرا کہتا ہے کہ کے سی آر ڈکٹیٹر ہے۔ جی ہاں میں کہتا ہوں کہ چوروں کیلئے کے سی آر یقیناً ایک ہٹلر ہے ۔ رشوت خوروں کیلئے میں یقیناً ہٹلر جیسا سلوک کروں گا۔ اس پر مجھے کوئی شرمندگی نہیں ہے۔ نا انصافی روکنے کیلئے کے سی آر ضرور ایک ہٹلر ہے اور میں ہٹلر کا دادا بھی بن سکتا ہوں‘‘۔ مجوزہ سروے کے بارے میں چیف منسٹر نے کہا کہ اس کا مقصد عوام کے منتخب طبقات تک سرکاری فوائد کی رسائی کو یقینی بنانا ہے ۔ چندر شیکھر راو نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ محض سیما آندھرا عوام کی وطنیت کی نشاندہی کے منصوبہ سے یہ سروے کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کی جانب سے سروے کے بارے میں کئے گئے تبصروں پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ یہ جماعتیں غیر ضروری اندیشے پیدا کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سروے کا مقصد اُن افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو سرکاری فلاحی پروگراموں کے فوائد حاصل کرنے کے مستحق نہیں ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کیلئے یہ بہتر ہوگا کہ وہ سروے کے دوران تفصیلات درج کروائیں ۔ 19 اگست کو ٹرانسپورٹ بیس نہیں چلائی جائیں گی ۔ ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ریاستی حکومت ،مرکز کے ساتھ اس وقت ہی ٹھیک رہ سکتی ہے جب مرکز بھی ریاست کے ساتھ ٹھیک رہے ۔ حیدرآباد پر گورنر کے خصوصی اختیارات کے مسئلہ پر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ گورنر کو (حیدرآباد) پر کوئی اضافہ اختیارات نہیںہے اور مرکزی حکومت ، ریاست پر کوئی غیر دستوری چیز مسلط نہیں کرسکتی ۔