جی وی کے انتظامیہ پر 108 ایمبولنس ملازمین کے ساتھ نا انصافی کا الزام

کارپوریٹ اداروں کی ڈھائی فیصد آمدنی فلاحی کاموں کیلئے مختص کرنے کا مطالبہ : پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز)کارپوریٹ اداروں کی آمدنی کا ڈھائی فیصد حصہ فلاحی کاموں پر مختص کیاجاتا ہے اور بڑے کارپوریٹ ادارے یہ کام بہ خوبی انجام بھی دیتے ہیں مگر چند ادارے ایسے بھی ہیں جو فلاحی کاموں کا اعلان تو کرتے ہیں مگر ان کی تکمیل میں سنجیدگی اختیار نہیں کرتے اور ایسے اداروں میںجی وی کے کا نام سرفہرست ہے۔ تلنگانہ 108 ایمپلائز ویلفیر اسوسیشن ملحقہ تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہلت ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمن پروفیسر کودنڈا رام ان خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔ انہوں نے جی وی کے انتظامیہ پر 108ایمبولنس ایمپلائز کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میںکروڑ ہا روپئے کے پراجکٹس کی تکمیل اور آمدنی کے باوجود جی وی کے جیسی بڑی کمپنی فلاحی کاموں کے لئے شروع کردہ 108ایمبولنس عملے کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بارہ گھنٹوں سے زیادہ وقت تک کام کرنے کے باوجود ملازمین کو وقت پر تنخواہیںفراہم نہیںکی جارہی ہیںجبکہ جی وی کے انتظامیہ سے شکایت پر ملازمین کے ساتھ نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیاجارہا ہے۔پروفیسر کودنڈا رام نے مذکورہ ایمبولنس سرویس کے برطرف سات ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ جی وی کے کی نگرانی میں چلائی جانے والی ایمبولنس میںکہیںپر ڈیزل ختم ہوجاتا ہے تو کہیں گاڑیاں خراب ہوجاتی ہیں باوجود اس کے ڈرائیورس ہر حال میں مریضوں کو دواخانوں تک پہنچانے کاکام کرتے ہیں ۔ انہوں نے فلاحی کاموں کے لئے شروع کی گئی سرویسس کے ساتھ کسی بھی قسم کے کھلواڑ کو غیرانسانی حرکت قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ کو چاہئے کہ وہ اس مسئلہ میںمداخلت کرے تاکہ 108ایمبولنس ملازمین کے ساتھ انصاف ہوسکے۔ تلنگانہ 108ایمپلائز ویلفیر اسوسیشن اور تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہلت ایمپلائز یونین سے قائدین شبیر احمد‘ ایم مہیندر ریڈی‘آپی ریڈی‘ناگیش ‘ رامیش نے بھی اس جلسہ سے خطاب کیا۔