پرانا شہر میں ایک جبکہ نئے شہر میں 14 مراکز ،50 مراکز کا وعدہ وفا نہ ہوسکا
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (ابوایمل) مہنگائی کے اس دور میں خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والوں کیلئے جی ایچ ایم سی نے جاریہ سال 2 مارچ کو دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ایک خصوصی اسکیم شروع کی تھی جس کے تحت صرف 5 روپئے میں دوپہر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ غریبوں کیلئے شروع کردہ اس غیرمعمولی اسکیم کیلئے 11 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے اس وقت یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ دونوں شہروں میں اس طرح کے 50 مراکز قائم کئے جاسکتے ہیں لیکن بلدیہ نے صرف 15 سنٹرس قائم کئے تاہم دیگر معاملات کی طرح اس معاملہ میں بھی پرانا شہر سے ناانصافی کی گئی۔ پرانا شہر میں صرف ایک سنٹر چارمینار کے قریب قائم کیا گیا۔ اس کے برعکس نئے شہر میں 14 مراکز کام کررہے ہیں۔ چارمینار بس اسٹانڈ کے قریب واقع اس مرکز پر غریب مرد و خواتین کی کثیر تعداد جمع ہوکر بڑے اطمینان سے دوپہر کا کھانا کھا تے ہیں۔ غریب و غرباء کو اس طرح اطمینان سے کھانا کھاتے دیکھ کر کافی مسرت ہوئی لیکن مسرت کا یہ احساس اس وقت ختم ہوگیا جب معلوم ہوا کہ اس مرکز پر ہی نہیں بلکہ نئے شہر کے ہر مرکز پر 300 مرد و خواتین کو 5 روپئے میں کھانا فراہم کرنے کے اعلان کے باوجود 150 غریبوں کو ہی کھانا دیا جارہا ہے۔ کھانا کھارہے مرد و خواتین سے بات چیت پر بتایا کہ یہ اسکیم غریبوں کیلئے نعمت غیرمترقبہ ہے۔ ان لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر روز اچھے قسم کا چاول، سانبر، اچار، دال اور جمعہ کے دن ترکاری کی بریانی فروخت کی جاتی ہے۔ ان افراد نے اسکیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی نے غریبوں پر احسان کیا ہے۔ انہیں کم از کم دوپہر میں تازہ اور گرماگرم کھانے کا موقع مل رہا ہے۔ اگر پینے کے پانی یا پانی کی پیاکٹس کا انتظام کردیا جاتا تو بہت اچھا ہوتا۔ ایسے غریب طلبہ کو بھی وہاں دوپہر کا کھانا کھاتے ہوئے دیکھا معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ یہ طلباء سرکاری کالجوں میں زیرتعلیم ہیں اور 5 روپئے میں کھانا ان کیلئے خوشخبری سے کم نہیں۔ ان طلباء نے بتایا کہ میئر نے یہ اسکیم شروع کرتے ہوئے بہت اچھا کام کیا۔ تاہم اس طرح کے مراکز مدینہ سرکل، چندرائن گٹہ، ریاست نگر ، تالاب کٹہ، سنتوش نگر، فلک نما، کالاپتھر، بہادرپورہ جیسے علاقوں میں قائم کئے جانے چاہئے۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ بلدیہ کو ایک آدمی کا کھانا تیار کرنے پر 20 روپئے کے مصارف آتے ہیں لیکن اسے غریبوں کو صرف 5 روپئے میں سربراہ کیا جاتا ہے۔ غریب مرد و خواتین عثمانیہ جنرل ہاسپٹل، نامپلی، نیلوفر ہاسپٹل، کنگ کوٹھی، مشیرآباد، کینسر ہاسپٹل بنجارہ ہلز، لنگرحوض، خیریت آباد، ایل بی نگر، ای سی ایل، مادھو پور حسین ساگر، ایس آر نگر، جے این ٹی یو میں کام کررہے مراکز سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ abuaimalazad@gmail.com