جی ایچ ایم سی میں صفائی مہم کے مثبت نتائج

متعلقہ حکام صبح 7 بجے سے سرگرم، واٹس اپ پر صفائی کی تصاویر
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میں صحت و صفائی اور کچرے کی نکاسی کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی طرف سے شروع کردہ خصوصی مہم کے مثبت نتائج دیکھے جارہے ہیں کیونکہ تمام متعلقہ عہدیداروں کو واٹس اپ پر روز مرہ تصاویر کے ساتھ کام سے متعلقہ رپورٹس پیش کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی خصوصی مہم کا مقصد شہر میں صحت و صفائی کو یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام شب و روز انتھک مسائل میں مصروف ہورہے ہیں۔ عہدیداروں کو اس ضمن میں رہنمایانہ خطوط کی پابندی کرتے ہوئے صبح 7 بجے تک کام کے مقام پر پہنچنے اور متعلقہ سڑکوں پر عدم صفائی و گندگی کی تصاویر روانہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 9 بجے تک ان تصاویر کو واٹس اپ پر پیش کرنا ہوگا جس کا مقصد مقامی عملے کو کام کی تکمیل کیلئے پابند کرنا ہے جس کے جواب میں متعلقہ عملے کو جوابی تصویر بیچتے ہوئے اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ کام کے آغاز اور اس سے پہلے کی تصاویر جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ افسران تک پہنچائی جائیں گی۔ جی ایچ ایم سی کی یہ منفرد مہم گزشتہ ایک ہفتہ سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ قبل ازیں عہدیداروں کو جوابدہ نہیں بنایا گیا تھا اور یہ نہیں جانتا تھا کہ وہ کہاں اور کس کام میں مصروف ہیں لیکن اب جوابدہی طلب کی جارہی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔