ملک میں حیدرآباد شہر کو تیسرا مقام، کھلے عام رفع حاجت سے پاک بنانے کی مساعی
حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) شہر کے مرکزی مقامات پر 27جنوری سے ای۔ٹوائلٹ سہولت کا آغاز عمل میں آئے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ای۔ٹوائلٹ کی تنصیب کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور اس ای۔ٹوائلٹ کے متعلق عوام میں شعور اجاگر کیا جانے لگا ہے۔ای ۔ ٹوائلٹ کی سہولت کے آغاز کے بعد حیدرآباد ملک میں ایسا تیسرا شہر ہو جائے گا جہاں ای۔ٹوائلٹ کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ فی الحال ایسے بیت الخلاء چینائی اور بنگلور میں موجود ہیں ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان بیت الخلاء کی تنصیب کیلئے خانگی کمپنیوں سے اشتراک کیا جا رہا ہے کیونکہ اس ای۔ٹوائلٹ پر کافی خرچ آرہا ہے۔ صفائی اور داخلہ کیلئے آدمی کے بغیر کام کرنے والے اس ای۔ٹوائلٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے استعمال کے فوری بعد اس میں آٹو میٹک فلش کے ذریعہ صفائی کی سہولت ہے اور 5تا10آدمیوں کے استعمال کے بعد اس کی مکمل صفائی ای۔ٹوائلٹ میں موجود خود کار نظام کے ذریعہ ممکن ہو پائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد شہر کو کھلے عام رفع حاجت سے پاک بنانے کے سلسلہ میں جاری مہم کے تحت شہر میں کم پانی اور آسان صفائی کے لئے ان ٹوائلٹ کی تنصیب کے علاوہ گوگل میاپ کے ذریعہ ٹوائلٹ کی مسافت دکھانے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ پر کام انجام دیا جا رہا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے بموجب شہر میں ای ٹوائلٹ کی تنصیب کے بعد عوام میں شعور اجاگر ہوگا اور لوگ اس کے استعمال میں کوئی قباحت محسوس نہیں کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس بیت الخلاء میں داخلہ کیلئے خودکار مشین میں سکہ ڈالنا ہوگا اور سکہ ڈالنے کے بعد ہی بیت الخلاء کا مرکزی باب الداخلہ کھل پائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ای۔ٹوائلٹ میں استعمال کنندہ کو ہدایات کی اجرائی کیلئے آواز کی سہولت موجود رہے گی۔ پانی کے کم خرچ اور کم برقی کے استعمال کے ذریعہ اس ای ۔ٹوائلٹ کے منصوبہ کو کفایتی تصور کرتے ہوئے روشناس کروایا جا رہا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع کے بموجب ای ٹوائلٹ کی تنصیب کے لئے کچھ سرکردہ کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے جن کی مدد سے 27جنوری سے یہ ٹوائلٹ کارکرد ہو جائیں گے۔