تمام تیاریاں مکمل، ایڈیشنل کمشنر سریندر موہن کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری (سیاست نیوز) گریٹر انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 5 فروری کو 8 بجے صبح ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ جی ایچ ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر سریندر موہن نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کیلئے 88 ہالس میں 970 کاؤنٹنگ ٹیبل لگائے جائیں گے۔ 1154 کاؤنٹنگ سوپر وائزرس کو تعینات کیا جائے گا۔ سرکاری عہدیداروں اور ملازمین کی جانب سے 3000 پوسٹل بیالٹ استعمال کئے گئے، جن کیلئے علحدہ کاؤنٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ رائے دہی کی تکمیل کے بعد ووٹنگ مشینوں کو کاؤنٹنگ مراکز پر محفوظ کردیا گیا جہاں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ گریٹر انتخابات میں 150 بلدی حلقوں کیلئے 1333 امیدوار میدان میں ہیں اور 45.25 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے۔ توقع ہے کہ 11 بجے تک تمام نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ رائے دہی کی تکمیل کے بعد امیدواروں کو نتائج کا بے چینی سے انتظار ہے۔