جی ایس ٹی کے پہلے ریٹرنس کا ادخال 5 اگسٹ سے

نئی دہلی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جب سے یعنی یکم جولائی سے جی ایس ٹی (گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس) کا اطلاق عمل میں آیا تھا اور اس کے پہلے ریٹرنس کا ادخال ہفتہ 5 اگسٹ سے کیا جاسکتا ہے جس کی سہولت 20 اگسٹ تک جاری رہے گی۔ جی ایس ٹی نیٹ ورک سی ای او نوین کمار نے یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ تاجرین اپنے پہلے جی ایس ٹی ریٹرنس اور ماہ جولائی کے لئے ٹیکسوں کی ادائیگی کا سلسلہ جی ایس ٹی نیٹ ورک کے پورٹل پر کرسکتے ہیں جو دراصل آئی ٹی انفراسٹرکچر برائے نئے بالواسطہ ٹیکس کو فراہم کرنے کا ذریعہ ہے جس کا آغاز 5 اگسٹ سے ہوگا۔ تاجرین کے لئے اس میں آسانی کیلئے جی ایس ٹی کونسل نے تاجرین کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ جی ایس ٹی رورل آؤٹ کے پہلے دو ماہ کے اندر اپنے ریٹرنس اور سیلف پسمینٹ کا ادخال کریں۔ لہذا ماہ جولائی اور اگسٹ کے لئے جی ایس ٹی ریٹرنس کو گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس نیٹ ورک (GSTN) پورٹل پر 3B فارم کو پُر کرکے داخل کرسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں جی ایس ٹی این نے ریزرو بینک آف انڈیا سے تصدیق شدہ 25 ایجنسی بینکس کو ٹیکس وصول کرنے کے اختیارات تفویض کئے ہیں۔

درگاہ اجمیر شریف کمیٹی کے ناظم مقرر
اجمیر3 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) گجرات سے انڈین سیول سروس کے ریٹائرڈ افسر آئی بی پیرزادہ کو مرکزی اقلیتی امور کی وزارت کی طرف سے اگلے دو سال کے لئے اجمیر درگاہ کمیٹی کا ناظم مقرر کیا گیا ہے اور پیرزادہ درگاہ کمیٹی کے 29 ویں ناظم کے طور پر جلد ہی عہدہ سنبھالیں گے ۔درگاہ کمیٹی کے صدر شیخ علیم کے مطابق وزارت نے پیرزادہ کے نام کو منظوری دے دی ہے ۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کی منظوری کے بعد ان کی تقرری کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ پیرزادہ کو سبکدوشی کے بعد گجرات حکومت سے ملنے والی پنشن کو دیکھتے ہوئے انہیں پچیس ہزار روپے ماہانہ کے اعزازیہ پر تقرری کی گئی ہے ۔درگاہ کمیٹی کو اب انتظامی اُمور میں آسانی ہو گی۔ ساتھ ہی آنے والے دنوں میں بجٹ میٹنگ بھی ممکن ہو سکے گی۔واضح ر ہے کہ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کی درگاہ کا انتظام سنبھالنے والی درگاہ کمیٹی کی مخالفت کی وجہ سے گزشتہ ناظم لیفٹیننٹ کرنل منصور علی نے فروری ماہ میں ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔