جی ایس ٹی کے خلاف پارچہ جات کے تاجروں کا بند دوسرے دن بھی جاری

حیدرآباد 28جون (یواین آئی )جی ایس ٹی کے خلاف دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے پارچہ جات کے تاجروں کی ہڑتال دوسرے دن میں داخل ہوگئی ۔تاجروں نے انتباہ دیا ہے کہ اس ہفتہ ہونے والی کونسل میٹنگ میں ان کے مطالبات کو قبو ل نہ کئے جانے پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی جائے گی۔تلنگانہ اسٹیٹ فیڈریشن آف ٹکسٹائلز نے کہاکہ یہ بند جمعرات تک جاری رہے گا۔فیڈریشن کے ارکان نے کہا کہ پارچہ جات پر جی ایس ٹی کے خلاف وہ جمعہ کو سڑکوں پر نکل پڑیں گے ۔ فیڈریشن نے مرکزی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔فیڈ ریشن کے ذمہ داروں نے اس ماہ کی پانچ تاریخ کو جی ایس ٹی پر منعقدہ میٹنگ میں پارچہ جات کی صنعت کو پانچ فیصد جی ایس ٹی کے زمرہ میں شامل کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔اس مسئلہ پر ہول سیل اور رٹیل تاجروں نے شدید تشویش ظاہر کی۔تلنگانہ اسٹیٹ فیڈریشن آف ٹکسٹائلز نے اس بند پر مرکز کی جانب سے کسی بھی قسم کا ردعمل ظاہر نہ کئے جانے پر 30جون کو بڑے پیمانہ پر ریلی نکالنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔