جی ایس ٹی کا ادویات پر زیادہ اثر نہیں ہوگا

کے سی آر کٹس کا عوام میں بہتر رد عمل ۔ وزیر صحت لکشما ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر صحت ریاست تلنگانہ مسٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ ’ ویریکوز وینس ‘ Vericoes Vains ( رگوں کے گچھوں ) کے مرض کا آروگیہ شری کے ذریعہ علاج کروانے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ویریکوز وینس کے مرض کا آروگیہ شری کے ذریعہ علاج کروانے کی سہولت فراہم کرنے ہدایت دی ہے ۔ وزیر صحت نے ادویات پر جی ایس ٹی کے اثرات کا جائزہ لینے اجلاس طلب کیا تھا اور اس سلسلہ میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دئیے جانے کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ادویات پر جی ایس ٹی کا زائد اثر نہیں رہیگا ۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے اقدامات و پروگراموں کے کسی قدر بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل میں 165 بستروں کے ساتھ آئی سی یو شعبہ کے ساتھ انتہائی عصری سہولتوں سے آراستہ لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔ وزیر صحت نے ریاست میں کے سی آر کٹس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ریاست میں تین لاکھ 65 ہزار افراد نے کے سی آر کٹس کیلئے درخواستیں پیش کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کے اقدامات سے عوام میں مثبت ردعمل ہے ۔

 

بابلی پراجیکٹ کے گیٹس کھولے گئے
حیدرآباد ۔ یکم جولائی ( این ایس ایس ) تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے آبپاشی عہدیداروں نے آج مہاراشٹرا میں بابلی پراجیکٹ کے گیٹس کھولے جس سے تلنگانہ کے علاقوں میں پانی پہونچے گا ۔ یہ اقدام سپریم کورٹ اور مرکزی آبی کمیشن کی ہدایت پر کیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ بابلی پراجیکٹ سے جاری ہونے والا پانی سری رام ساگر پراجیکٹ میں آئندہ 32 گھنٹوں میں پہونچے گا ۔