جی ایس ٹی کا اثر، ماروتی کار کی قیمت 3% تک کم

نئی دہلی یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پسنجر کار بنانے والی ملک کی معروف کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ نے گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس(جی ایس ٹی) لاگو ہونے سے ٹیکس کی شرح میں آئی کمی کا فائدہ صارفین کو پہنچاتے ہوئے اپنی کاروں کی قیمتوں میں 3% فیصد تک کمی کر دی ہے ۔ کمپنی نے بتایا کہ کاروں کی قیمتوں میں یہ کمی آج سے ہی لاگو ہو جائے گی۔ ماروتی نے کہا کہ وہ ٹیکس کی شرح میں آئی کمی کا فائدہ صارفین کو پہنچا رہی ہے اور کاروں کی قیمتوں میں تین فیصد تک (ایکس شوروم) کمی کی گئی ہے ۔ جی ایس ٹی میں گاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ 28 فیصد ٹیکس کے دائرے رکھا گیا ہے ۔کمپنی نے کہا ہے قیمتوں میں یہ کمی ملک کے مختلف حصوں میں مختلف سطح کی ہوسکتی ہے ۔کیونکہ پہلے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (VAT) کی شرح مختلف تھی۔ جی ایس ٹی کے نفاذ سے پورے ملک میں ٹیکس کی شرح یکساں ہوجائے گی۔ تاہم کمپنی نے یہ بھی وضاحت کردی ہے کہ جی ایس ٹی میں ٹیکس چھوٹ واپس لینے سے اس کے پریمیم درجے کی اسمارٹ ہائی برڈ سیاج ڈیزل اور اسمارٹ ہائی برڈ ایرٹیگا ماڈل کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔