!جی ایس ٹی شرحوں میں کمی کا امکان

نئی دہلی 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور جی ایس ٹی کونسل آئندہ چند ماہ تک ٹیکس وصولی کی شرح زیادہ ہونے کی صورت میں عام استعمال کی اشیاء پر ٹیکس میں کمی کے بارے میں غور کرسکتی ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ جی ایس ٹی کے تحت پہلے ماہ ٹیکس وصولی انتہائی حوصلہ افزاء رہی۔ اگر ڈسمبر تک وصولی کا یہی رجحان رہا تو ٹیکس شرحوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عام استعمال کی اشیاء ٹیکس کمی یا پھر مقررہ شرحوں میں کمی کا امکان ہے تاکہ صارفین کو فائدہ ہوسکے۔ عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیر فینانس ارون جیٹلی کی زیرقیادت جی ایس ٹی کونسل تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے اِس بارے میں کوئی فیصلہ کرے گی۔ ہندوستان میں جی ایس ٹی متعارف کرنے کے بعد پہلے ماہ غیرمعمولی عوامی ردعمل دیکھا گیا اور جولائی میں 92,283 کروڑ روپئے ٹیکس وصول ہوا اور مجموعی ٹیکس دہندگان کا 64.42 فیصد ہے۔ ٹیکس وصولی وزارت فینانس کے تخمینے 91 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ رہی۔