نئی دہلی16جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) اشیااور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تحت ٹیکس کی قیمتیں طے کرنے والی جی ایس ٹی پریشد کی اس ہفتے کے آخر میں ہونے والی میٹنگ میں ٹیکس کے سلیبوں میں تبدیلی کاامکان ہے ۔جی ایس ٹی پریشد کی اگلی میٹنگ 21 جولائی کو ہونے والی ہے ۔ فینانس وزیر مملکت شیو پرتاپ شکلا نے آج ایک پروگرام میں نامہ نگاروں کے سوال کے جواب میں کہا کہ جی ہاں اگلی میٹنگ میں شرحوں کوہم آہنگ بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔مسٹر شکلا نے کہا کہ ضرورت کے مطابق پریشد وقتاً فوقتاً قیمتوں کا جائزہ لیتی رہتی ہے ۔ حکومت کا مقصد جی ایس ٹی کو آسان سے آسان بنانا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ راحت دینا ہے ۔جی ایس ٹی کے تحت اب چار ٹیکس سلیب ہیں۔ سب سے نچلا سلیب پانچ فیصد کا ہے جبکہ سب سے زیادہ سلیب 28 فیصد کا ہے ۔ اس کے علاوہ دو دیگر سلیب 12 فیصد اور 18 فیصد کے ہیں جن میں زیادہ تر اشیاء اور خدمات کو رکھا گیا ہے ۔بغیر برانڈ والے غذائی اجناس اور کچھ دوسرے ضروری مصنوعات کو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے جبکہ عیش و آرام والے اور صحت کے لئے نقصان دہ مصنوعات کو 28 فیصد کے سلیب میں رکھنے کے علاوہ ان پر اضافی چارج بھی لگایا گیا ہے ۔شروع سے ہی جی ایس ٹی میں سلیبوں کی تعداد کم کرنے کا مطالبہ زورپکڑرہا ہے ۔ اس کے مخالفین کا کہنا ہے کہ بہت سے سلیب ہونے سے ‘ایک ٹیکس’ کا مقصد پورا نہیں ہوتا۔