جی ایس ٹی اورنوٹ بندی نے آٹھ کروڑ افراد کو بے روز گار کردیا : سابق مرکزی وزیر شرد یادو

پٹنہ : لوک تانترک جنتا دل ( ایل جے ڈی ) کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے کہا کہ نوٹ بندی او ر جی ایس ٹی نافذ کئے جانے کے بعد ملک میں سات سے آٹھ کروڑ لوگ بے روز گار ہوگئے ہیں ۔لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ نریندر مودی حکومت جی ایس ٹی کے نفاذ کا ایک سال ہونے پر جشن منا رہی ہے ۔

مسٹر یادو نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نافذ ہونے سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ کسان بھی پریشان ہیں ۔بینکوں کی حالت بھی خراب ہے ۔سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ سال ۲۰۱۴ ء کے لوک سبھا الیکشن کے وقت بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدہ کے امید وار نریندر مودی نے ملک کے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا نہیں کرسکے ۔

انھوں نے کہا کہ بہار ایک زرعی ریاست ہے او ریہاں زراعت کو چھوڑکرکوئی صنعت نہیں ہے ۔بہار کے کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ کسانوں کو ان کی لاگت کی دیڑھ گنا قیمت ملنا چاہئے ۔

پنجاب او رہریانہ میں کسانوں سے ان کی پیداوار خریدی جارہی ہے جب کہ بہارمیں ایسا نہیں ہورہا ہے ۔اسلئے بہار کے کسان اپنی پیداوار کم قیمت میں فروخت کرنے کے کئے مجبور ہیں ۔