جیہ للیتا کی صحت پر سرکاری بیان دینے کا مشورہ

چینائی۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جیہ للیتا جو 22 ستمبر سے ایک ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں، ان کی صحت کی حالت کے تعلق سے سرکاری بیان عوام کے اضطراب کو کم کرے گا، مدراس ہائیکورٹ نے آج یہ بات کہی اور حکومت پر زور دیا کہ کل تک اس مسئلہ پر کوئی بیان جاری کرے۔ یہ زبانی مشورہ ایک ڈیویژن بنچ نے دیا ہے جبکہ وہ سماجی جہت کار ’ٹریفک‘ راماسوامی کی داخل کردہ پی آئی ایل کی سماعت کررہی تھی۔ راماسوامی نے جیہ للیتا کی حالت صحت کے بارے میں حکومت سے تفصیلی رپورٹ چاہی ہے۔ عدالت نے ٹاملناڈو کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سی منی شنکر سے کہا کہ چیف منسٹر کی حالت صحت کے بارے میں حکومت سے مشاورت کے بعد کل تک اس معاملہ کے بارے میں عدالت کو واقف کرائے۔ منی شنکر نے عدالت کو بتایا کہ کارپوریٹ ہاسپٹل چیف منسٹر کی صحت کی حالت کے تعلق سے روزانہ میڈیکل بلیٹن جاری کرتا آیا ہے اور ان کے علاج کی صراحت بھی کی جاتی رہی ہے۔