جیہ للیتا کی سیاست قابل تقلید: ششی کلا

چینائی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جیہ للیتا کی وراثت کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے آل انڈیا انا ڈی ایم کے جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا نے آج یہ ادعا کیا ہے کہ پارٹی کے بانی ایم جی رامچندرن، دراوڑین نظریہ ساز سی این انا دورائی اور اماں (جیہ للیتا) کے بلند مقام اور مرتبہ تک کوئی نہیں پہنچ سکتا اور پارٹی میں ان کا ہمیشہ احترام کیا جائے گا۔ پارٹی سربراہ کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد سرگرم کارکنوں سے مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ انا ڈی ایم کے کو اسی طریقہ پر چلایا جائے گا جس طرح اماں (جیہ للیتا) کے دور میں چلائی جاتی تھی اور فوجی خطوط پر ڈسپلن کو برقرار رکھا جائے گا۔ ششی کلا نے کہاکہ وہ پارٹی کے عظیم قائدین کے نقش قدم پر گامزن ہوں گی جنھوں نے مذہب اور ذات پات کے قطع نظر عوام کی بے لوث خدمات انجام دی تھیں۔ ششی کلا کا یہ بیان ایسے وقت آیا جبکہ پارٹی کا ایک گوشہ انھیں جنرل سکریٹری بنائے جانے کے خلاف تھا۔ انھوں نے جیہ للیتا کی ہمت اور جرأتمندی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ آنجہانی قائد نے سیاست میں مردوں کے غلبہ کو توڑ دیا تھا اور خواتین میں خود اعتمادی کو پروان چڑھایا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ایک خاتون کی حیثیت سے آج پارٹی کی قیادت کیلئے آگے آئی ہیں کیوں کہ میرا یہ ایقان ہے کہ لاکھوں بہنوں اور بھائیوں کی تائید حاصل ہے۔