چینائی 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) اناڈی ایم کے کی سربراہ جیہ للیتا نے آج پانچویں مرتبہ چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت سے حلف لیا جبکہ انہوں نے آٹھ ماہ قبل کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیاتھا۔ جیہ للیتا کی اقتدار پر واپسی کا پارٹی حامیوں اور ان کے مداحوں نے خوب جشن منایا ۔ پُر شکوہ تقریب میں 67 سالہ لیڈر کو ریاستی گورنر کے روشیا نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ اس موقع پر پارٹی کے پرجوش کارکنوں نے اپنی لیڈر کی تائید میں نعرے بلند کئے جبکہ 28 وزراء نے بھی حلف لیا ۔ جیہ للیتا کی اقتدار پر واپسی پارٹی کیلئے مؤثر ہتھیار ثابت ہوئی کیونکہ آئندہ سال اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔ مدراس یونیورسٹی کا سنٹینری ہال ’انقلابی لیڈر زندہ آباد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا، جہاں پر ٹامل زبان میں بھگوان کے نام پر جیہ للیتا نے حلف لیا۔ قبل ازیں ایمبرائیڈری سے مزین سبز رنگ کی ساڑی میں ملبوس جیہ للیتا اپنے حامیوں کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں سنٹینری ہال میں داخل ہوئیں ، جہاں پر صبح سویرے سے ہی ان کے حامیوں کی کثیر تعداد ’اماں‘ کی جھلک دیکھنے کیلئے اُمڈ پڑے۔ تقریب حلف برداری میں شریک ممتاز شخصیتوں کی کہکشاں میں عبوری چیف منسٹر پنیر سیلوم، سوپر اسٹار رجنی کانت اور متعدد صنعت کار شامل رہے۔