بنگلور؍چینائی۔ 28؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ جیل میں آج دوسرا دن گزارتے ہوئے انا ڈی ایم کے کی سربراہ جیہ للیتا نے ایک خاموش دن گزارا۔ انھوں نے جیل کے احاطہ میں چہل قدمی کی۔ جیہ للیتا کو انتہائی اہم شخصیتوں کا کمرہ نمبر 23 مختص کیا گیا ہے جو جیل میں خواتین کی بیارکس کے متصل ہے۔ چینائی سے موصولہ اطلاع کے بموجب 4 اہم عہدیداروں نے جو چیف منسٹر کی سکریٹریٹ سے تعلق رکھتے ہیں، آج جیہ للیتا سے ملاقات کے لئے بنگلور روانہ ہوگئے ہیں جن میں سابق چیف سکریٹری، سکریٹریز وینکٹ رامن، رامانگم اور سدالائی کنن شامل ہیں۔ وہ ایک خانگی طیارہ سے بنگلور روانہ ہوئے ہیں۔