بنگلور 3 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹاملناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جیہ للیتا کی غیر محسوبہ دولت معاملہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کا استدلال ہے کہ یہ اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا ہی تھیں جنھوں نے اپنے سابقہ گود لئے ہوئے بیٹے وی این سدھاکرن کی انتہائی تزک و احتشام سے انجام دی گئی شادی کی تیاریوں میں تین کروڑ روپئے خرچ کئے تھے۔ سدھاکرن کی شادی 1995 ء میں انجام دی گئی تھی جسے اُس وقت ’’تمام شادیوں کی ماں‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ اُس وقت جیہ للیتا ٹاملناڈو کی وزیراعلیٰ تھیں۔ شادی کے اخراجات پر زبردست تنازعہ پیدا ہوگیا تھا جس پر عوام نے بھی تنقیدیں کی تھیں۔ یہاں تک کہ کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تھے اور جیہ للیتا کے خلاف عدالتوں میں کیس بھی دائر کئے گئے تھے۔ اس بات کی اب توثیق ہوچکی ہے کہ شادی کے دعوت ناموں اور بڑے بڑے اخبارات میں اظہار تشکر کے اشتہارات چھپوائے گئے تھے۔ مہمانوں کو ’’تمبولم‘‘ کے علاوہ دیگر قیمتی تحائف بھی دیئے گئے تھے جن کا اوسطاً حساب بھی کیا جاتا تو وہ یقینا زائداز 3 کروڑ روپئے کے مصارف کے متقاضی تھے۔