جیہ للیتا نے جیل میں اخبارات کا مطالعہ اور چہل قدمی کی

ناشتہ پرسنل اسٹاف سے تیار کروانے پر زور ، 7 اکٹوبر کودرخواست ضمانت پر فیصلہ
بنگلور ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ٹاملناڈو کی سابق وزیر اعلی جیہ للیتا جنہیں غیر محسوبہ دولت معاملہ میں چار سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے اور جو اس وقت بنگلور کی پراپنا اگراہارا نامی جیل میں ہیں ، نے جیل حکام سے استدعا کی ہے کہ انہیں جیل کوٹھری میں ان کے ساتھیوں ششی کلا نٹراجن اور وی این جے ایلاوراسائی کے ساتھ رکھا جائے ۔ یاد رہے کہ جیہ للیتا کے گود لیے ہوئے بیٹے سدھاکرن کانکنی کے صنعتکار جی جناردھن ریڈی کے سابق ساتھی محفوظ علی خاں کے ساتھ ایک ہی جیل کوٹھری میں ہیں ۔ جیہ للیتا کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں جیل میں واقع ہاسپٹل میں رکھا گیا ہے ۔ جہاں وہ ہاسپٹل کے جنرل وارڈ میں ششی کلا اور ایلاورسائی کے ساتھ موجود ہیں جنہوں نے خرابی صحت کی شکایت کی تھی ۔ جیل میں جیہ للیتا کے لیے ایک وی آئی پی سیل تیار رکھا گیا ہے اور جیسے ہی انہیں ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا جائے گا انہیں اس سیل میں منتقل کردیا جائے گا ۔ ہفتہ کی رات کو انہوں نے رات کے کھانے کی بجائے صرف پھل کھانے کو ترجیح دی ۔ اتوار کو صبح 5-30 بجے اٹھنے کے بعد انہوں نے جیل کی حدود میں چہل قدمی کی اور تین تمل اخبار اور دو انگریزی اخبار سربراہ کرنے کی درخواست کی ۔ جیل کے ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ جیہ للیتا نے اخبارات کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور بعد ازاں اپنے وارڈ میں واپس چلی گئیں ۔ انہوں نے جیل اسٹاف کو خصوصی طور پر کہا کہ ان کے ساتھ کسی وی آئی پی جیسا برتاؤ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے جیل اسٹاف سے کنڑی زبان میں بات چیت کی اور جیل اسٹاف ان کی سادگی دیکھ کر حیران رہ گیا ۔ حالانکہ جیل اسٹاف نے انہیں ناشتہ کے لیے اڈلی سانبر سربراہ کیا تھا لیکن جیہ للیتا نے کہا کہ ان کا ناشتہ تیار کرنے کے لیے ان کے پرسنل اسٹاف ویرا پیرومل کو اجازت دی جائے جو ہفتہ کی شام سے ہی جیل کے باہر موجود ہے ۔ اتوار ہونے کی وجہ سے عام وزیٹرس کو جیل میں جانے کی اجازت نہیں تھی لیکن دوپہر میں جیہ للیتا نے اپنے پرسنل اسٹاف کی جانب سے تیار کردہ لنچ نوش کیا ۔ پیشگی اجازت حاصل کرنے والے ٹملناڈو حکومت کے کچھ سینئیر وزراء اور عہدیداروں کو جیہ للیتا سے ملاقات کی اجازت دی گئی ۔ جہاں انہوں نے جیہ للیتا کے جانشین کے موضوع پر تفصیلی بات چیت کی ۔ جیہ للیتا جنہیں 65.66 کروڑ روپئے کے غیر محسوبہ اثاثہ جات معاملہ میں قصور وار ٹھہراتے ہوئے چار سال کی سزائے قید اور 100 کروڑ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ کرناٹک ہائی کورٹ میں ضمانت اور سزاء پر عمل آوری پر التواء کی درخواست داخل کریں گی لیکن اس درخواست پر سماعت منگل کے روز ویکیشن بنچ کی جانب سے عمل میں آئے گی کیوں کہ 29 ستمبر تا 7 اکٹوبر دسہرہ کی تعطیلات ہیں ۔ جیہ للیتا کی درخواست پر کوئی بھی فیصلہ 7 اکٹوبر کو ہی سنایا جاسکے گا اور جب تک جیہ للیتا بنگلور سنٹرل جیل میں ہی مقیم رہیں گی ۔۔