جیہ للیتا نے اپنی جائیداد ہمیں وصیت کردی

بھانجہ دیپک جئے کمار اور بھانجی دیپا کا دعویٰ۔ ششی کلا سے بے تعلقی

چینائی 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کبھی وی کے ششی کلا کے حامی رہنے وائے جیہ للیتا کے بھانجے دیپک جئے کمار نے اب کہا ہے کہ اُن کا (ششی کلا) چیف منسٹر بننا ٹاملناڈو کے عوام کے لئے قابل قبول نہیں ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیاکہ آنجہانی آل انڈیا انا ڈی ایم کے سربراہ نے اپنی جائیدادیں اُن کے اور اُن کی بہن کے حق میں چھوڑے ہیں۔ جئے کمار کا دعویٰ ہے کہ سابق چیف منسٹر نے اپنی جائیدادیں بشمول یہاں پوئس گارڈن میں واقع اپنے ویدا نلائم بنگلہ کو ایک وصیت کے ذریعہ اُن کی بہن دیپا جئے کمار اور خود اُن کے نام کردیا ہے۔ جئے کمار نے کہاکہ ششی کلا کا وزارت اعلیٰ سنبھالنا ٹاملناڈو کے عوام کے لئے ناقابل قبول ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ پارٹی ممبرس نے ٹی ٹی وی دیناکرن کو انا ڈی ایم کے ڈپٹی جنرل سکریٹری مقرر کرنے کو پسند نہیں کیا۔ گزشتہ روز ٹیلی ویژن نیوز چیانلوں سے گفتگو میں جئے کمار نے دیناکرن اور ایس وینکٹیش کی پارٹی میں واپسی پر سوال اُٹھایا۔ اُنھوں نے کہاکہ دیپا انا ڈی ایم کے پارٹی میں عہدوں کی خواہش کرسکتی ہے لیکن وینکٹیش اور دیناکرن نہیں کرسکتے۔ وہ ظاہر طور پر اِن دونوں کے اخراج کا حوالہ دے رہے تھے جو جیہ للیتا نے 2011 ء میں کیا تھا۔ دیپک نے الزام عائد کیاکہ وہ خاندانی حکمرانی کی کوشش کررہے ہیں اور شائد اُن دونوں نے ششی کلا کو پارٹی اُن کے حوالے کردینے پر مجبور کیا۔ دیپک نے کہاکہ پارٹی کیڈرس بھی اِس چیز کو قبول نہیں کریں گے۔ اِس سے ایسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جس میں پارٹی پھوٹ کا شکار ہوکر ڈی ایم کے کی بالواسطہ مدد کرسکتی ہے جسے ریاست میں حکومت تشکیل دینے کا موقع مل جائے گا۔ او پنیر سیلوم کے چیف منسٹر رہنے کے تعلق سے سوال پر جئے کمار نے کہاکہ وہ اُن کا احترام کرتے ہیں۔