جیہ للیتاکیخلاف عدالت کا فیصلہ دیگر قائدین کیلئے لمحہ فکر

کے وی پی رامچندر راؤ کے اثاثوں کی بھی تحقیقات پر زور : وی ہنمنت راؤ
حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) سیکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے حکومت کے سابق مشیر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ کے اثاثہ جات کی تحقیقات کرانے کا ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر ٹاملناڈو مسز جیہ للیتا کے خلاف اسپیشل کورٹ کے فیصلے کو سارے ملک کے قائدین کیلئے لمحہ فکر قرار دیا اور کہا کہ قانون کی نظر میں سب مساوی ہیں۔ انہوں نے ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کی جانب سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کے اثاثہ جات کی تحقیقات کرانے کا انتباہ دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنالہ لکشمیا بے قصور ہیں۔ وہ وزیر آبپاشی کی حیثیت سے خدمات انجام دیئے ہیں، تاہم اہم فیصلے اس وقت چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے سایہ بنے رہنے والے ڈاکٹر کے وی پی رامچندر نے لئے تھے۔ پراجیکٹس کے الاٹمنٹ کنٹراکٹرس کے انتخاب اور قیمت کا تعین وغیرہ ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ نے ہی کیا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غیرمحسوب اثاثہ جات کی تحقیقات کرانا ہے تو تلنگانہ کے ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ کے خلاف تحقیقات کرائیں کیونکہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں تمام اہم فیصلوں میں ڈاکٹر رامچندر راؤ نے اہم رول ادا کیا ہے۔ انٹرپول نے بھی ڈاکٹر کے رامچندر راؤ کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے تاہم ابھی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا پارٹی قائدین بالخصوص نوجوانوں کو مشورہ دیا۔ انہوں نے رکنیت سازی مہم کو عوام سے پارٹی کو قریب کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔