جیٹلی کی وزیراعظم آسٹریلیا سے معاشی فروغ کے موضوع پر بات چیت

ملبورن ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرمالیات ارون جیٹلی نے آج آسٹریلیائی وزیراعظم مالکم ٹرنبل سے ملاقات کی جہاں انہوں نے مسٹر ٹرنبل کو بتایا ہندوستانی معیشت کے مزید فروغ کے واضح امکانات ہیں اور یہ موجودہ شرح فروغ 7.6 فیصد سے تجاوز کرسکتی ہے۔ اسی طرح ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان معاشی تبادلوں کی زبردست گنجائش موجود ہے۔ کینبرا میں ملاقات کے دوران مسٹر ٹرنبل نے ہندوستان کے ساتھ تعاون کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ خصوصی طور پر قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں جہاں آسٹریلیا کو انتہائی ماہر تصور کیا جاتا ہے۔ ارون جیٹلی نے ٹرنبل کو ہندوستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ علاوہ ازیں جیٹلی نے اپنے آسٹریلیائی ہم منصب متھیان کارمین سے ایک ظہرانہ میں شرکت کرتے ہوئے ملاقات کی۔ یاد رہیکہ جیٹلی آج صبح ہی آسٹریلیا کی راجدھانی پہنچے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے دو روز سڈنی میں قیام کیا تھا جہاں انہوں نے ’’میک ان انڈیا‘‘ کانفرنس کا افتتاح بھی کیاتھا۔ آج آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی (ANU) میں ارون جیٹلی کے آر نارائنن اوریشن سیریز پر خطاب بھی کریں گے۔ شام میں روانگی سے قبل ارون جیٹلی کینبرا میں واقع انڈین ہائی کمیشن کی جانب سے ترتیب دیئے گئے ایک استقبالیہ میں شرکت کریں گے جہاں مختلف آسٹریلیائی شہروں سے ہندوستانی برادری کے قائدین بھی موجود ہوں گے۔