نئی دہلی 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جینتی نٹراجن کے الزامات پر اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے کہ گرین کلیرنس کے لئے اُنھوں نے زور دیا تھا۔ راہول گاندھی نے آج کہاکہ اُنھوں نے ماحولیات کے تحفظ، غریب اور آدی واسیوں کی بہبود کے لئے کام کرنے کی خواہش کرتے ہوئے مکتوب لکھا گیا تھا۔ نائب صدر کانگریس نے یہاں ایک ریالی میں کہاکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے غریب اور آدی واسیوں کے لئے کوشش کی ہے اس لئے جینتی نٹراجن کو کہا تھا کہ ہم کو ماحولیات، غریب اور آدی واسیوں کی بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔ غریب، کمزور طبقات اورپچھڑے خاندانوں کے لئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھوں گا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ جینتی نٹراجن جنھوں نے حال ہی میں کانگریس سے استعفی دیا ہے، وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کے اشاروں پر عمل کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو نشانہ بنارہی ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ اُنھوں نے سیاست میں داخلہ اس لئے لیا تاکہ غریبوں اور سماج کے کمزور طبقات کی بہبود کے لئے کام کروں اور میری جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی تاوقتیکہ آدی واسیوں اور غریبوں کو مکمل ترقی دی جائے۔ یہ کوششیں بعض تاجر افراد کے لئے نہیں ہے۔ اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی شدید تنقید کی اور الزام عائد کیاکہ وزیراعظم صرف اپنے صنعتکار دوستوں کے فائدہ کے لئے کام کررہے ہیں۔ نٹراجن نے گزشتہ ہفتہ کانگریس کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ کانگریس نے ماحولیات کے تحفظ کے بہانے ان سے انتقام لیا ہے اور یہ نائب صدر راہول گاندھی کے اشاروں پر کیا گیا ہے۔