قبل ازوقت درخواست رجسٹریشن کی سہولت، چنچل گوڑہ جیل میں وزیرداخلہ کے ہاتھوں پروگرام کا افتتاح
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کی جیلوں میں قید ملزمین سے ملاقات کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لئے منفرد طریقہ کار ’’ای ۔ ملاقات‘‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعہ عوام یا رشتہ دار جیل میں قید افراد سے ملاقات کا قبل ازوقت تعین کرسکتے ہیں۔ اس طرح کئی گھنٹوں تک انتظار کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ مقررہ وقت پر آکر اپنے متعلقہ فرد سے بہ آسانی ملاقات کرسکتے ہیں۔ وزیرداخلہ این نرسمہا ر یڈی نے چنچل گوڑہ سنٹرل جیل میں قبل ازوقت درخواست رجسٹریشن کی سہولت، الیکٹرانک ملاقات سسٹم کے ذریعہ آن لائن نیٹ ورک کا افتتاح کیا۔ انھوں نے منفرد آن لائن رجسٹریشن تلنگانہ ریاست کی جیلوں میں رائج کرنے پر ڈائرکٹر جنرل محابس وی کے سنگھ کی ستائش کی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ الیکٹرانک سسٹم کے ذریعہ اڈمنسٹریشن سسٹم قائم کرنے کی وجہ سے محکمہ میں شفافیت مؤثر خدمات دستیاب ہوسکیں گی۔ اس کے علاوہ ریاست کی جیلوں میں نیشنل انفارمیٹک سنٹر کے تعاون سے مختلف شعبوں میں بالخصوص قیدیوں سے ملاقات کی سہولتیں و تفصیلات، قیدیوں کے داخلہ، ضمانت پر رہائی، جیل دفتر کے اکاؤنٹس، کینٹین ہاسپٹل کی سہولتوں کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کیا جاسکتا ہے۔ وزیرداخلہ نرسمہا ریڈی نے مزید کہاکہ اس طرح کے اقدامات کی انجام دہی کے ذریعہ ریاست کی جیلوں میں اصلاحات پر عمل آوری، ودیا دان یوجنا، خصوصی کونسلنگ، جیل کو خوبصورت بنانے ہریتا ہارم پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر ایک لاکھ پودوں کی شجرکاری، مختلف صنعتی اداروں میں قیدیوں کو تربیت دلانے، قیدیوں کو یوگا کی تربیت، پی ٹی پریڈ فراہم کرکے قیدیوں کی بہتر صحت کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کسی بھی جیل میں رہنے والے اپنے کسی رشتہ دار یا دوست سے ملاقات کرنے قبل ازوقت ملک کے کسی حصہ سے آن لائن اجازت حاصل کی جاسکے گی۔ اجازت کے حصول سے قبل مکمل تفصیلات، تصاویر وغیرہ بھی پیش کئے جانے چاہئے۔ درخواست گزار کی خواہش کے مطابق ملاقات کے لئے تاریخ اور وقت کا تعین کیا جائے گا۔ ملاقات کے لئے آنے والے افراد آن لائن پیش کردہ تفصیلات کی اصل کاپیاں لاکر جیل عہدیداروں کو بتاکر ان کی تصدیق کے بعد ملاقات کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں جیل اسٹاف کو بھی مناسب معلوم فراہم کی جارہی ہیں۔ اس طرح ای ملاقات کا سسٹم اب تک ملک بھر کی ایک یا دو جیلوں میں روبہ عمل لایا جارہا ہے اور ریاست تلنگانہ میں سب سے پہلے چنچل گوڑہ جیل میں اس طریقہ کار کو متعارف کرتے ہوئے اسٹاف کو مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر مسٹر وی کے سنگھ ڈائرکٹر جنرل محابس و دیگر عہدیدار موجود تھے۔