جیسے کو تیسا ایران میں امریکی شہریوں کے داخلہ پر امتناع

تہران۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سات اسلامی ممالک بشمول ایران سے آنے والے افرادپر ’’ توہین آمیز ‘‘ پابندی کے جواب میں امریکی شہریوں کے ایران میں داخلہ پر امتناع عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے سرکاری ٹیلی ویژن پر بتایا کہ امریکہ نے ایرانی شہریوں کے بارے میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے جس طرح ان کی اہانت کی ہم بھی اسی انداز میں جواب دیں گے، اور جب تک پابندی برخواست نہیں کی جاتی ایران میںامریکی شہریوں کے داخلہ پر امتناع رہیگا۔

ٹرمپ کو سخت جواب دینے یوروپ کو فرانسیسی صدر کا مشورہ
لسبن۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) فرانس کے صدر فرینکوئی ہالینڈ نے یوروپ پر آج زور دیا کہ وہ امریکہ کے نئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو جواب دینے کے معاملہ میں سخت رہے جنہوں نے ایک دن قبل کہا تھا کہ یوروپی یونین سے برطانیہ کی علحدگی اچھا اقدام تھا۔ صدر ہالینڈ نے کہا کہ ’’ جب یوروپ کے بارے میں امریکی صدر کے بیانات آئے ہیں اور وہ یوروپی یونین سے برطانیہ کی علحدگی کو دیگر یوروپی ممالک کے لئے ایک نمونہ بنانے کی بات کرتے ہیں تو میرے خیال میں ہمیں اس کا جواب دینا چاہیئے۔‘‘