پٹنہ 14 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی پر تنقید کرتے ہوئے ان کے پیشرو اور جنتادل یو کے لیلار نتیش کمار نے آج الزام عائد کیا کہ مانجھی نے جو کچھ کیا ہے وہ بغاوت نہیں بلکہ دھوکہ ہے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ ’’ مانجھی نے جو کچھ کیا ہے وہ بغاوت نہیں بلکہ دھوکہ ہے ‘‘ ۔ انہوں نے اپنے جانشین پر سخت تنقید کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی جیتن رام مانجھی نے نتیش کمار پر تنقید کی تھی وار کہا تھا کہ نتیش کمار نے یہ سمجھتے ہوئے معمولی نہیں بلکہ بہت بڑی غلطی کی تھی کہ وہ ( مانجھی ) ان کی کٹھ پتلی کے طور پر کام کرینگے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ مانجھی سے کہا گیا تھا کہ حکومت کا ایک روڈ میاپ تیار ہے اور انہیں یہ ذمہ داری دی گئی تھی کہ وہ اس پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ مانجھی نے اس پر عمل کرنے کی بجائے ایک متبادل حکومت کے طور پر عمل کرنا شروع کردیا تھا ۔ اس سے بہتر حکمرانی کے نظریہ ہی کو نقصان ہوا ہے ۔ عوام نے مانجھی کے خلاف ان سے شکایات کی ہیں۔ مانجھی کو ایک کٹھ پتلی کے طور پر استعمال کرنے کے الزام پر نتیش کمار نے اس کی تردید کی اور کہا کہ جب انہوں نے چیف منسٹر کی حیثیت سے استعفی پیش کردیا اور مانجھی کو اپنا جانشین مقرر کردیا تھا اس کے بعد حکومت کے کام کاج میں ان کی کوئی مداخلت نہیں تھی ۔ نتیش کمار نے کہا کہ مانجھی نے اپنے طور پر کام کرنا شروع کیا تھا اور یہ ادعا کرتے رہے کہ انہیں ‘ میری ( نتیش کمار کی ) خاموش تائید حاصل ہے ۔ نتیش کمار نے اپنی جانب سے مانجھی کو اقتدار کی منتقلی کو ایک جذباتی فیصلہ قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں انہیں جب توقعات کے مطابق ووٹ نہیں ملے تو انہوں نے سوچا تھا کہ انہیں عوام سے رجوع ہوکر ان کے بیچ کام کرنا چاہئے ۔ لیکن عوام نے جس طرح ان سے مانجھی کے کام کاج کے تعلق سے شکایت کی تھی انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ اپنی غلطی کو انہیں ہی سدھارنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں اور جمہوریت میں اصلاح کرنا ایک مسلسل عمل ہے ۔ گورنر بہار کیسری ناتھ ترپاٹھی کی جانب سے ان پر اقتدار کیلئے جلد بازی دکھانے کے الزام پر نتیش کمار نے کہا کہ اگر گورنر نے ایسا ریمارک کیا ہے تو یہ ان کے عہدہ کیلئے ذیب نہیں دیتا ۔ جب انہوں نے گورنر سے ملاقات کی تھی تو اس وقت گورنر نے اس طرح کا کوئی تاثر نہیں دیا تھا ۔