شمس آباد ۔ 22 ستمبر (سیاست نیوز) ایمان کمیٹی محبوب نگر کے ایک وفد نے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے دفتر سیاست پر ملاقات کرتے ہوئے سماج میں جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کا عہد کیا۔ محمد سلیم بانی و صدر ایمان کمیٹی نے بتایا کہ گذشتہ سات سال سے جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے مسلسل کوشش کی جارہی ہے۔ شادی و و لیمہ تقریب میں بیجا اسراف کے ذریعہ خاص کر غریب خاندان قرض کے بوجھ میں ڈوب رہے ہیں۔ جہیز کے نام پر لاکھوں روپئے، زیورات وغیرہ اور ساتھ ہی شادی میں مختلف قسم کے پکوان کی خواہش سے غریب ماں باپ پریشانی کے عالم میں قرض حاصل کرنے پرمجبور شادی کو جتنا آسان بنایا جائے گا زندگی اتنی ہی آسان ہوگی۔ مزید جہیز کے لئے ہراسانی کے کئی مقدمات چل رہے ہیں اور طلاق کے مقدمات بھی کورٹ میں زیرالتواء ہیں۔ جو کئی سالوں تک کورٹ کے چکر کاٹتے ہوئے اپنا قیمتی وقت اور رقم سب کچھ کھو دیتے ہیں۔ ایمان کمیٹی کی اس تحریک کو جناب عامر علی خان نیوزایڈیٹر سیاست نے کمیٹی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب بھی کسی مدد کی ضرورت پڑے گی وہ ان کیلئے آگے آنے تیار ہیں۔ سماج میں جہیز کی لعنت کے ساتھ مختلف قسم کے پکوان کی لعنت کو بھی ختم کرنے کی ضرورت ہے اور مدیر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے بیجا اسراف اور شادی میں ایک سے زائد لوازمات کے خلاف مہم شروع کرچکے ہیں جس کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے ایمان کمیٹی کو مفید مشورے دیئے اور ساتھ ہی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سید متین، عبداللہ سنی ، محمد احمد اور محمود خان و دیگر موجود تھے۔