حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں آج درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ اور انارم شریفؒ کے ٹنڈرس کو منظوری دی گئی۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کا ٹنڈر ایک کروڑ 36 لاکھ 11 ہزار 786 روپئے میں منظور کیا گیا جو گزشتہ کے مقابلہ 46 لاکھ روپئے زائد ہے۔ گزشتہ سال یہ ٹنڈر 90 لاکھ روپئے میں منظور کیا گیا تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے لیے خصوصی توجہ مبذول کی اور آج اپنی نگرانی میں ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں لائی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہ نواز قاسم بھی موجود تھے۔ ٹنڈر گزاروں نے گزشتہ سال کے مقابلہ زائد بولی دی اور ایک کروڑ 36 لاکھ 11 ہزار 786 روپئے میں منظوری دی گئی۔ سید فصیح الدین نے یہ ٹنڈر حاصل کیا۔ انارم شریف کے لڈو اسٹال کا ٹنڈر جو گزشتہ سال 5 لاکھ روپئے میں منظور کیا گیا تھا، اس مرتبہ 10 لاکھ روپئے میں منظور ہوا ہے۔ اس طرح وقف بورڈ کو 5 لاکھ روپئے زائد آمدنی حاصل ہوئی۔ محمد سلیم نے کہا کہ دیگر درگاہوں کے ٹنڈرس کی منظوری کے سلسلہ میں بھی آمدنی میں اضافہ کی کوشش کی جائے گی۔