لاہور 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جموںو کشمیر میں بڑھی ہوئی کشیدگی کے دوران جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں مکمل تائید و مدد کا عہد کیا ہے اور کہا کہ وہ ریاست میں پاکستانی حکومت اور فوج کی مدد سے جاری ’ جہاد ‘ کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حصول آزادی کیلئے تحریک آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کرتی جائیگی اور ہندوستان کشمیر کو چھوڑنے پر مجبور ہوجائیگا ۔ حافظ سعید نے صوبہ پنجاب کے فیصل آباد ضلع میں کل شام ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کاہ کہ جہاد اسلامی حکومت کا فرض ہے اور پاکستان میں ایسی حکومت ہے جس نے ہمیشہ ہی کشمیری عوام کی آزادی کی حمایت کا موقف اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ کہتے ہیں کہ ہماری فوج نے کشمیریوں کے حقوق کی حفاظت کرنے جو کچھ کیا ہے وہ جہاد ہے ۔ ہم پاکستانی حکومت کے ساتھ کشمیریوں کی مدد کرتے ہیں۔ ہم اسے جہاد کہتے ہیں۔ حافظ سعید نے وادی کشمیر میں گذشتہ چند دنوں سے جاری تشدد کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ مانتے ہیں کہ حکومت ہند جتنا کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کریگی اتنا ہی رد عمل ظاہر ہوگا ۔ کشمیر میں آزادی کی تحریک مزید شدت اختیار کریگی اور بالآخر ہندوستان کو کشمیریوں کو آزادی دینی پڑیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہند وہاں تشدد کا راستہ اختیار کریگی اور کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جائیگی تو ہم بھی جوابی طاقتور انداز میں جوابی کارروائی کرینگے ۔ لشکرطیبہ کے بانی نے حکومت پاکستان سے کہا کہ وہ کشمیر کے دبے کچلے مسلمانوں کی مدد کرے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر میں ہندوستانی مظالم پر خاموشی اختیار کرے ۔ نواز شریف حکومت کو چاہئے کہ وہ کم از کم دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کروائے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت کشمیری کاز کی مکمل تائید کرے اور آزادی حاصل کرنے کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوجائے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ کشمیریوں کیلئے آزادی صرف جہاد کے ذریعہ حاصل کی جاسکتی ہے حافظ سعید نے کہا کہ وہ ریلیوں کے ذریعہ پاکستان میں اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے ۔