حیدرآباد 19 اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ ریاستی حکومت میڈیا کی اطلاعات اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے عائد کئے جارہے الزامات کی پرواہ کئے بغیر جھیلوں اور تالابوں کی بحالی کے کام کو مشن موڈ پر شروع کرے گی۔ ضلع ورنگل کے سنگیم منڈل میں کنٹہ پلی ولیج میں جھیلوں سے متعلق کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ بعض سیاسی جماعتیں جھوٹے الزامات لگانے کی دانستہ کوششیں کررہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت میڈیا کے ایک گوشے کی بے معنیٰ رپورٹس اور بعض حاسد سیاسی جماعتوں کی جانب سے عائد کئے جارہے الزامات سے خوفزدہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ حکومت لیک ریسٹوریشن پروگرام کے فنڈس کا غلط استعمال کررہی ہے۔ وزیر موصوف نے پرکال حلقہ میں ہر منڈل کے لئے 12 جھیلوں، 18 چیک ڈیمس اور ایک اسٹور ہاؤز کی منظوری کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام نے ٹی آر ایس کو ووٹ دے کر حکومت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور حکومت ان کی توقعات کے مطابق شفاف خدمات انجام دے گی۔ ہریش راؤ نے کہاکہ اُنھوں نے جھیلوں کے کام کیلئے 96 فیصد ٹنڈرس کو قطعیت دے دی ہے۔ اُنھوں نے کسانوں اور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ جھیلوں کی بحالی کے کام میں حصہ لیں۔ وزیر آبپاشی نے عوام سے کہاکہ وہ آبی ذخائر کی بحالی کے کام میں خود کو شامل کریں اور بروقت آبی سربراہی حاصل کرتے ہوئے پیداوار میں اضافہ کریں۔ جھیلوں سے زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ اور دیہی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے میں مدد ہوگی۔ بعدازاں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری، ہریش راؤ، رکن اسمبلی سی دھرما ریڈی اور دوسروں نے کاکتیہ نگر، سنگیم منڈل میں سڑک کے کاموں کا آغاز کیا۔