جھوٹی و جذباتی تقاریر سے مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی ناممکن

حقیقی خدمت گذاروں کا انتخاب ضروری: ڈاکٹرقائم خاں ، ایم بی ٹی چندرائن گٹہ امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل

حیدرآباد 26 اپریل (پریس نوٹ) صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خان امیدوار مجلس بچاؤ تحریک حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ نے کہاکہ مسلمانوں کی قیادت کا دعویٰ کرنے والا ٹولہ ہمیشہ سے بوگس رائے دہی کرواتے ہوئے کامیابی حاصل کررہا ہے لیکن اس بار ان کے منصوبے ناکام ہوں گے۔ بوگس رائے دہی کرنے والوں کا ریکارڈ اب کیمروں میں قید ہوجائے گا۔ اب ان کی سیاسی چال بازیاں چلنے والی نہیں ہیں۔ ڈاکٹر قائم خان کل شام جی ایم چھاؤنی میں انتخابی جلسہ سے اپنے صدارتی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ نام نہاد قیادت کو اقتدار عزیز ہے۔ اس کے برخلاف مجلس بچاؤ تحریک کو ملت کے مفادات عزیز ہیں۔ ملت کے مفادات کے لئے وہ اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔ ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ اب وقت آچکا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ایک نڈر، بے باک، بے لوث عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے امیدوار کو کامیاب کریں۔ جذباتی و جھوٹی تقاریر سے نہ مسلمانوں کی معیشت میں سدھار آسکتا ہے اور نہ حلقہ کی ترقی ہوسکتی ہے۔ اب ان سے عوام 15 سالوں کا حساب پوچھیں گے۔ اس بات سے وہ اپنے اپنے حلقہ اسمبلی میں جانے کیلئے گھبرا رہے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خان نے مرحوم غازی ملت کی بے پناہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کا طویل ریکارڈ پیش کیا۔ ڈاکٹر انھوں کہاکہ صرف قوم و ملت کے نام پر اپنی سیاسی دوکان چمکانے والے صرف اپنے ذاتی مفادات کو عزیز رکھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اب وقت آچکا ہے کہ ان مفاد پرستوں کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے قوم و ملت کے حقیقی خدمت گذاروں کو موقع دیا جائے۔ مجلس بچاؤ تحریک کے امتیازی نشان ٹی وی پر بٹن دباتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس جلسہ کو جناب محمد نذیر، محمد اعظم، گوپال راج اور شیو کمار نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر قائم خان کی بکثرت گلپوشی کی گئی۔