ڈالٹن گنج 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)جھارکھنڈہ میں بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ترقی کے مسئلہ پر ریاستی حکومت پر سخت تنقید کی اور عوام سے خواہش کی کہ ریاست کو خاندانی حکمرانی اور کرپشن سے پاک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ جھارکھنڈ کو ترقی کے راستے ہپر دیکھنا چاہتے ہیں تو اسے خاندانی حکمرانی سے نجات دلوائیں۔ وہ بالواسطہ طور پر جے ایم ایم کے صدر شبو سورین اور ان کے چیف منسٹر بیٹے ہیمنت سورین کا حوالہ دے رہے تھے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اگر آپ جھارکھنڈکو خاندانی حکمرانی سے نجات نہیں دلوائیں گے تو ان کے مکان اور خاندان مالدار ہوجائیں گے جبکہ عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ جھارکھنڈ کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں نوجوانوں کے لئے ملازمتیں اور ریاست کیلئے خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو خاندانی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔ باپ ۔ بیٹے ،بھائی ۔ بھتیجے اور رشتہ داروں کی سیاست ختم کرنے ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو لوٹ لیا گیا ۔ یہاں کرپشن پھیلا ہوا ہے ۔ آخر وہ ریاست کو کتنا لوٹیں گے ۔ انہیں شرم بھی نہیں آتی ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ جھارکھنڈ کے فروغ کا واحد راستہ ترقی ہے ۔ اور عوام پر زور دیا کہ وہ خدمت کا موقع دیں ۔ حالیہ دورہ آسٹریلیا کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ جھارکھنڈ اور براعظم کا ملک کئی مماثلتیں رکھتا ہے ۔ قدرتی وسائل اور آبادی کے لحاظ سے دونوں میں کئی باتیں مشترک ہیں۔ جھارکھنڈ غریب رہ گیا لیکن آسٹریلیا نے ترقی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پانچ دریائیں ہیں لیکن کاشتکار اپنی زمینوں کیلئے پانی کو ترس رہے ہیں ۔ دیہاتیوں کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے ۔ ریاست قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہیں لیکن کاشتکار غریب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی بھلائی کیلئے دریاوؤں باہم مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ جے ایم ایم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ریاستی حکومت مرکزی وزراء کے دوروں سے خوفزدہ ہے کہ کہیں اس کی کوتاہیاں بے نقان نہ ہوجائیں ۔ وہ جے ایم ایم کے برسر عام اعلان کیا حوالہ دے رہے تھے جو پارٹی نے اگست میں کیا تھا کہ وہ کسی مرکزی وزیر کو جھارکھنڈ میں داخل نہیں ہونے دے گی ۔ اس کے بعد رانچی میں مودی کے جلسہ میں عوام نے شور و غل کیا تھا اور مرکزی وزراء کے قافلے کا سیاہ پرچم لہراتے ہوئے جے ایم ایم کارکنوں نے استقبال کیا تھا ۔ مودی نے کہا کہ عوام کے پاس جمہوریت میں تکبر کو ختم کردینے کی طاقت ہوتی ہے ۔ قبائیلیوں سے ربط پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قبائیلی خاندانوں کی پرانی بیماریوں کا عنقریب علاج کیا جائے گا۔