جھارکھنڈ : ناحق قتل کیس میں گرفتاری

رانچی، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ میں گزشتہ روز ایک شخص کو شدید زدوکوبی کے ذریعے ہلاک کردینے کے 13 ملزمین میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ چیف منسٹر رگھوبر داس نے آج پولیس کو اس طرح کے دو حالیہ قتل واقعات کے خاطیوں کو پکڑنے کی ہدایت دی تاکہ انھیں تیزگام عدالتوں کے ذریعہ سزا دلائی جاسکے۔ رام گڑھ میں جہاں گزشتہ روز کا واقعہ پیش آیا، حکام نے ضلع میں کشیدگی کے درمیان آج امتناعی احکام لاگو کرتے ہوئے کسی بھی جگہ زائد از چار افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس ایم ایل مینا نے رام گڑھ کا دورہ کرنے کے بعد سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے مہلوک کے ورثا کیلئے 2 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔