جھارکھنڈ میں بی جے پی کو واضح اکثریت دینے عوام سے مودی کی اپیل

دھنباد ( جھارکھنڈ ) 9 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جھارکھنڈ میں رائے دہندوں سے کہا کہ وہ ریاست میں ایک مستحکم حکومت کیلئے بی جے پی کو فیصلہ کن اکثریت دیں اور کسی مخلوط حکومت کے حق میں رائے نہ دی جائیں کیونکہ ایسا کرنے پر ٹھیکے داروں کو ہی پورا اقتدار مل جائیگا ۔ مودی نے اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت پر غیر ضروری تنقیدیں کر رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس اب کوئی مسائل نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کو ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے ۔ اس مرتبہ کوئی غلطی نہ کی جائے ۔ ایک مستحکم بی جے پی حکومت منتخب کی جائے ۔ اگر آپ ایک اکثریتی حکومت کے حق میں ووٹ دیتے ہیں تو پھر اقتدار کی ڈور عوام کے ہاتھ میں ہوگی لیکن اگر کوئی مخلوط حکومت بنتی ہے تو اقتدار کی ڈور ٹھیکے داروں کے ہاتھ میں ہوگی ۔ دھنباد میں 14 ڈسمبر کو چوتھے مرحلہ میں رائے دہی ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ملک کی بہتری کیلئے ( بی جے پی کو ) ووٹ دیا ہے کیا یہی فیصلہ ریاست کیلئے نہیں کیا جاسکتا ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومتوں نے ملک میں اقتدار کی ڈور ٹھیکے داروں کے ہاتھ میں دیدی اور عوام سب جانتے ہیں کہ اتنے طویل برسوں میں ان ٹھیکے داروں نے ملک اور ریاستوں کیلئے کیا کیا ہے ۔

یہ واضح کرتے ہوئے کہ لوک سبھا انتخابات میں عوام نے اپوزیشن کو مسترد کردیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسمبلی انتخابات میں بھی عوام اپوزیشن کو مسترد کردینگے ۔ اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دنوں اپوزیشن کے قائدین بہت مایوس ہیں۔ انہیں اپنی بقا کی خاطر انتخابی مہم چلانی پڑ رہی ہے اور اسی لئے وہ جھارکھنڈ اور کشمیر کے دورے کر رہے ہیں۔ لیکن ان کے پاس مودی حکومت کے خلاف کوئی مسائل نہیں ہے ۔ یہ لوگ اسی تقریر کو دہرا رہے ہیں جو لوک سبھا انتخابات میں کی گئی تھی ۔ اپوزیشن کیلئے مسائل نہیں ہیں اور اس محاذ پر وہ دیوالیہ کا شکار ہیں۔ جھارکھنڈ میں کوئلہ کی موجودگی کے تعلق سے مودی نے کہا کہ یہاں کے عوام کالے ہیروں پر بیٹھے ہیں۔ کیا یہ لوگ نہیں چاہیں گے کہ یہ ہیرے چمکیں ؟ ۔ لیکن ایسا کون ہے جو ان کالے ہیروں کو چمکائیگا ؟ ۔

انہوں نے کہا کہ مودی ایسا کرنے کیلئے تیار ہے لیکن جھارکھنڈ کو چاہئے کہ وہ انہیں موقع دیں کہ یہاں کے معدنی وسائل کو ملک کی اور ریاست کی ترقی کیلئے استعمال کیا جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیوں سے معدنیات سے مالا مال ریاست کو تیزی سے ترقی کرنے اور اپنے کوئلہ کے ذخائر سے مستفید ہونے کا موقع مل سکتا ہے ۔ کوئلہ اسکام اور اس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ حالانکہ یہ حکومت کیلئے دھکا رہا ہے اور حکومت کو اسسے تکلیفہ وئی ہے لیکن اس فیصلے کو حالات کو بہتر بنانے کے موقع کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اپنی شروع کردہ جن دھن یوجنا اسکیم کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں دہی عوام کو بھی فائدہ ہو رہا ہے اور اب تک اس اسکیم کے سلسلہ میں 7,000 کروڑ روپئے بینکوں میں جمع کروائے گئے ہیں۔ ان کی حکومت ملک کی ترقی کو تیز رفتار بنانے اقدامات کریگی ۔