پانچ مقامات پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے چھاپے
نئی دہلی / رانچی ۔6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی نوعیت کے ایک پہلے سائبر جرم سے متعلق غیرقانونی منی لانڈرنگ ریاکٹ کو پولیس نے بے نقاب کیا ہے جسمیں بھولے بھالے عوام کو چند دھوکے باز اشخاص فرضی فون کالز کر کے اپنے آپ کو بینک عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ان سے ان کے بینک اکاؤنٹ کی تمام تفصیلات حاصل کرلیتے تھے ‘ حکام کے مطابق مختلف ٹیموں پر مشتمل مرکزی تحقیقاتی ٹیمیں جام تارا ضلع کے اطراف و اکناف علاقوں میں مختلف چھاپے مارے تاکہ اس ریاکٹ سے متعلقہ تحقیقات کو حاصل کیا جاسکے ۔ ای ڈی ایف آئی آر میں مذکورہ چار ملزمین کے مکانوں کی مکمل تلاشی لی گئی ۔ اپنی نوعیت کے پہلے بینک دھوکہ دہی معاملہ میں پولیس ایف آئی آر کے متوازی (ECIR) کو درج کرلیا گیا ۔ اس فراڈ میں ملوث پردیپ کمار منڈل ‘ یوگل منڈل اور سنتوش یداو کے خلاف تین ای سی آئی آر درج کی گئی ۔ ان تینوں افراد کے ساتھ ساتھ معاون ملزمین اور مختلف افراد جو اس ریاکٹ میں ملوث ہیں کہ خلاف بھی کیس درج کرلیا گیا ۔ یہ دھوکہ باز افراد فون کر کے بھولے بھالے افراد سے ان کی تمام بینک تفصیلات حاصل کرلیتے جس کو سائبر اصطلاح میں وشنگ(Vishing) کیا جاتا ہے ۔ ریاستی پولیس حکام کے مطابق تینوں ملزمین جام تارا کے دور دراز مقامات پر بیٹھ کر بھولے بھالے افراد کے اکاؤنٹ تفصیلات ‘ فون کے ذریعہ حاصل کرلیتے ‘ اس چرائے ہوئے ای ۔ ڈیٹا بیس کے ذریعہ تینوں افراد نے فی کس ایک کروڑ روپئے اپنے نام کرلئے ۔