جگن کی یاترا کے 24ستمبر کو تین ہزار کیلومیٹر مکمل ہوجائیں گے

حیدرآباد 23ستمبر(یواین آئی )وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے سربراہ و اے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پرجاسنکلپ یاترا کے پیر 24ستمبر کو تین ہزار کیلومیٹر مکمل ہوجائیں گے۔ وجیانگرم ضلع کے دیساپاترونی پالیم علاقہ کے قریب وہ یہ سنگ میل کو عبور کریں گے ۔جگن نے گزشتہ سال 6نومبر کو اپنی اس پیدل یاترا کاآغاز کیاتھا۔اس یاترا کے تین ہزار کیلومیٹر کی تکمیل کے موقع یادگار کی نقاب کشائی پارٹی لیڈران کریں گے ۔ ان کی اس یاترا پر ضلع کے عوام میں کافی جوش وخروش دیکھا جارہا ہے ۔جگن سے کسانوں اور زرعی مزدوروں نے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے جگن کو واقف کروایا۔جگن موہن ریڈی نے کہا کہ اس یاترا کا مقصد عوام کے درمیان جاکر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنا اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کے درمیان جاکر ہی ا ن کی پارٹی کا منشور عوام سے لیا جائے اور یہ عوام کا منشور ہو۔انہوں نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ وہ عوام سے جڑے رہیں گے ۔ اس یاترا کے دوران وہ 175اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے ۔انہوں نے کڑپہ کے ایڈوپُلا پایہ سے اس یاترا کا آغاز کیا تھا۔