جگن کی پدیاترا ‘ پہلے دن 9 کیلومیٹر کا احاطہ

چندرا بابو نائیڈو کی ’ مافیا حکومت ‘ کو بیدخل کرنے کا عزم
حیدرآباد۔ 6 نومبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن و و صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی نے پہلے دن 9 کیلومیٹر کی پدیاترا مکمل کی۔ چندرا بابو نائیڈو کی مافیا حکومت کو بے دخل کرتے ہوئے آندھرا پردیش میں سماج کے تمام طبقات کیلئے خوشحالی لانے کا اعلان کیا۔ پہلے دن پدیاترا کا آغاز کرنے سے قبل جگن نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کیلئے کئی وعدے کئے۔ وائی ایس آر کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے پر سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کے کنٹری بیوٹری پینشن سسٹم کو برخاست کرنے کا وعدہ کیا۔ ہر سرکاری ملازم کو مکان تعمیر کرنے اراضی مختص کرنے کے ساتھ مکانات تعمیر کرنے ،کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا۔ جگن موہن ریڈی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملازمت چاہئے تو چندرا بابو نائیڈو کو اقتدار سے بے دخل کرنے تیار ہوجاؤ۔ انہوں نے تلگو دیشم حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 58 سال سے گھٹاکر 50 سال کردینے کی کوشش شروع کرچکی ہے۔ میڈیا میں اس کا انکشاف ہونے پر تردید کرتے ہوئے دو ملازمین کو معطل کردیا گیا ۔ ریاست میں جمہوری نہیں مافیا راج چل رہا ہے۔ جگن نے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے جس کا انہیں کوئی خوف ہے نہ ڈر ہے اور نہ انہیں دولت کا لالچ ہے ۔ اگر وہ مر جاتے ہیں تو عوام کے دِلوں میں زندہ رہنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہے ہیں۔ عوامی مسائل کو موضوع بحث بنایا ہے۔وہ ریاست کیلئے خصوصی درجہ حاصل کرکے ہر نوجوان کو روزگار فراہم کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ تعلیمی شعبہ میں انقلابی ترقی لانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ فی الحال آندھرا پردیش بدعنوان ریاست میں تبدیل ہوگئی ہے۔ وہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد بدعنوانیوں میں ملوث تمام افراد کو جیل بھیج کر ریاست کی ترقی پر توجہ دیں گے۔ جگن نے کہا کہ وہ ہر غریب کے چہرے پر مسکراہٹ اور گھروں میں خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو کی طرح انہیں مقدمات سے کوئی ڈر نہیں ہے۔ ( ابتدائی خبر صفحہ 2 پر )