جگن کیخلاف مقدمہ، 23 ستمبر کو آئندہ سماعت

حیدرآباد 9 ستمبر (پی ٹی آئی) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے سرمایہ کاری کے عوض سرکاری فوائد و رعایتوں کی فراہمی کے ایک مقدمہ میں جس میں وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی کے تجارتی ادارے بھی ملوث ہیں، آئندہ سماعت 23 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ جگن جو کڑپہ کے حلقہ اسمبلی پولی ویندولہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں، آج اس مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت میں حاضر تھے۔ سابق وزیر دھرمنا پرساد راؤ بھی ایک مقدمہ کے ضمن میں آج حاضر عدالت تھے۔ اس مقدمہ میں سی بی آئی کی طرف سے دائر کردہ 10 مختلف چارج شیٹس میں ماخوذ چند آئی اے ایس، افسران اور صنعتکاروں نے بھی عدالت میں حاضری دی۔ سی بی آئی نے جگن پر الزام عائد کیا ہے کہ 2004ء تا 2009 ء جب اُن کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز تھے اُنھوں (جگن) نے ان (اپنے والد) کے عہدہ کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر خطیر دولت بٹورا تھا۔ اِس دوران سی بی آئی نے جگن کے خلاف آج مزید ایک چارج شیٹ پیش کی جس کے ساتھ ہی اُن کے خلاف پیش کئے جانے والے چارج شیٹس کی مجموعی تعداد 11 تک پہونچ گئی ہے۔