جگن کا 5 اور 6 جون کو دو روزہ احتجاج

آندھرا حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کروایا جائیگا
حیدرآباد 10 مئی ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے کسانوں کے مسائل سے لاپرواہی اور مختلف محاذوں پر اس کی ناکامی کے خلاف 5 اور 6 جون کو دو روزہ احتجاج منظم کرینگے ۔ وائی ایس آر کانگریس کے قائدین اوما ریڈی وینکٹیشورلو اور پارٹی کے کسان سیل کے کنوینر ایم وی ایس ناگی ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم حکومت کو اپنے ایک سال کی تکمیل پر وجئے یاترا کا اہتمام کرنے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے ۔ پارٹی نے جو انتخابی وعدے کئے ہیں ان کو فراموش کردیا ہے اور اپنے ہی منشور کا مضحکہ اڑایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم حکومت کی ایک سال کی کارکردگی کے دوران اس کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے وائی ایس جگن موہن ریڈی 5 اور 6 جون کو دو روزہ احتجاج کرینگے ۔ اس کا مقام وجئے واڑہ سے گنٹور کیدرمیان کہیں ہوگا ۔ ان قائدین نے بتایا کہ جگن کی ریتو بھروسہ یاترا کا 11 مئی سے جاری رہیگی ۔ انہوں نے کہا کہ وجئے یاترا کی بجائے تلگودیشم کو ناکامی یاترا کا اہتمام کرنا چاہئے اور وضاحت کرنی چاہئے کہ اس نے انتخابی وعدوں کو کیوں فراموش کردیا ہے ۔