حیدرآباد 29 جنوری ( پی ٹی آئی )اوبلا پورم مائننگ کمپنی میں غیر قانونی کانکنی مقدمہ کے ملزم سابق وزیر کرناٹک گالی جناردھن ریڈی اور دیگر آج خصوصی سی بی آئی عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔خصوصی عدالت نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 19 فروری کو مقرر کی ہے ۔ عدالت میں حاضری کے بعد گالی جناردھن ریڈی اور سرینواس ریڈی بنگلورو کے لئے روانہ ہوگئے ۔ اس دوران وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی اور دیگر ملزمین لین دین میں بے قاعدگیوں سے متعلق مقدمات کے سلسلہ میں خصوصی سی بی آئی عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ سابق آندھرا پردیش وزراء سبیتا اندرا ریڈی‘موپی دیوی وینکٹ رمنا راو ‘دھرمنا پرساد راو اور دیگر ملزمین جن کے خلاف ان مقدمات میں چارج شیٹ پیش کی گئی ہے‘ آج عدالت میں پیش ہوئے ۔مقدمہ کی آئندہ سماعت 6 مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔