جگن موہن ریڈی کی حلف برداری کے بعد اہم اعلانات متوقع

سابق چیف سکریٹری اجئے کلم سے تبادلہ خیال ، راج شیکھر ریڈی کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ
حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش کی حیثیت سے کل یعنی 30 مئی کو حلف لینے کے فوری بعد اسی شہ نشین سے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے بعض اہم اعلانات کئے جانے کی قوی توقعات کی جارہی ہیں ۔ اس طرح ان چند اہم اعلانات سے متعلق موضوعات پر مسٹر وائی ایس جگن کی جانب سے سابق ریاستی چیف سکریٹری مسٹر اجئے کلم سے تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ جگن اپنے والد سابق چیف منسٹر متحدہ آندھراپردیش مسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نظم و نسق پر اپنی گرفت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق ریاستی چیف سکریٹری مسٹر اجئے کلم کو مسٹر جگن موہن ریڈی نے اپنے مشیر خاص کی حیثیت سے تقرر کرلینے کا قوی امکان ہے اور اس طرح حکومت کے پالیسی ساز فیصلے مسٹر اجے کلم سے مشورہ کرنے کے بعد ہی قطعیت دیکر اعلان کرتے ہوئے ان فیصلوں و اعلانات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق جگن موہن ریڈی توقع ہے کہ نو رتنالو پر عمل آوری سے متعلق اہم اعلان کے علاوہ ریاست خسارہ بجٹ سے دوچار رہنے کے پیش نظر مالی موضوعات اور ڈسپلن سے متعلق بھی اہم اعلانات بھی کریں گے ۔

ریاستی چیف سکریٹری آندھراپردیش مسٹر ایل وی سبرامنیم نے بھی محکمہ جات کی اساس پر اہم و مختصر معلومات پر مبنی رپورٹ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو فراہم کرچکے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ پولاورم پراجکٹ کے تعمیری کاموں پر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اپنی خصوصی توجہ دینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں اور سمجھا جارہا ہے کہ جگن چیف منسٹر عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے کے ساتھ ہی پولاورم پراجکٹ سے متعلق مکمل فائلیس کا پراجکٹ کے جاری کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیں گے اور متعلقہ عہدیداران پولاورم پراجکٹ سے بھی تبادلہ خیال کرکے پائی جانے والی بعض بے قاعدگیوں سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی یکم تا 5 جون تک محکمہ جاتی جائزہ اجلاس طلب کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں ۔ توقع ہے کہ جگن موہن ریڈی ریاست میں ایک نئے طرز کا نظم و نسق متعارف کرنے کے اقدامات کریں گے ۔