تلگودیشم پارٹی میں جلد شمولیت کا اشارہ : رکن اسمبلی جے نہرو کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس کے سینئر لیڈر و رکن اسمبلی جے نہرو نے آج اس امید ناقدانہ طور پر پارٹی صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو نشانہ بنایا اور یہ ریمارک کیا کہ جب وہ ( نہرو ) پارٹی سے مستعفی ہوجائیں تو شائد جگن موہن ریڈی کے طرز عمل میں کوئی تبدیلی آئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہفتے بعد تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نہرو نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کو مستحکم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ اس کیلئے ان کی ہتک بھی کی گئی جو انہوں نے برداشت کرلی ۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ وہ کبھی بھی پی اے سی کے صدر نشین عہدہ کے خواہشمند نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی تلگودیشم میں شمولیت پر غور نہیں کیا تھا لیکن ان کے حلقے کے عوام چاہتے ہیں کہ وہ ایسا کریں تاکہ ان کے حلقہ میں ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالانکہ وہ کبھی بھی عہدوں کے لالچی نہیں رہے تاہم انہیں کئی عہدے ملے ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ پارٹی میں کوئی اجتماعی قیادت نہیں ہے جس کی وجہ سے حالات دگر گوں ہو رہے ہیں۔