جگن موہن ریڈی کو اے پی میں قائد اپوزیشن کا عہدہ نہیں رہے گا

جگن کے مزید غیرمجاز املاک کاعنقریب انکشاف، چناراجپا
حیدرآباد ۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر حکومت آندھراپردیش مسٹر این چناراجپا نے کہا ہیکہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو قائد اپوزیشن کا عہدہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 46 ہزار کروڑ روپئے مالیت کی املاک ضبط کرچکی ہے۔ علاوہ ازیں مسٹر جگن موہن ریڈی کی مزید غیرمجاز املاک کا انکشاف بہت جلد ہوجائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی حقیقت سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تمام قائدین کم از کم اب بھی سمجھ  لینا چاہئے۔ مسٹر چنا راجپا نے آندھراپردیش حکومت کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام بشمول کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت اپنے عہد کی پابند ہے اور کئی ایک اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو مسلسل کوشاں ہے۔ بالخصوص ریاست آندھراپردیش میں  بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے ذریعہ مختلف نوعیت کی کمیٹیوں کے قیام کو یقینی بنایا جارہا ہے اور ان ہی اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گذشتہ دنوں چین کا دورہ کیا اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے حصول کیلئے اقدامات کئے۔