حیدرآباد 24 فبروری ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس کے صدر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ‘ جنہوں نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی مخالفت کی تھی اب ریاست میں اپنی پرسہ یاترا کا آغاز کرینگے اور بہت جلد ضلع کھمم میں ایک جلسہ سے خطاب کرینگے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ تلنگانہ ضلع کو آرڈینیٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے جس کی صدارت جگن موہن ریڈی نے کی تھی ۔ وائی ایس آر کانگریس کے ترجمان جی رامچندر راؤ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جگن اپنی غیر مختتم پرسہ یاترا کو تلنگانہ کے تمام نو اضلاع میں مکمل کرنا چاہتے ہیں جبکہ وہ کھمم میں اپنی یاترا مکمل کرچکے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس یاترا کی تواریخ اور دورہ کی تفصیلات کا بہت جلد اعلان کیا جائیگا ۔ انہوں نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو عوامی تائید حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی اپنے دورہ کا کھمم میں ایک جلسہ سے خطاب کے ذریعہ آغاز کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اب تلنگانہ پر فیصلہ ہوچکا ہے اس لئے ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے ۔