جگن مقدمہ :53کروڑ روپئے مالیتی جائیدادیں قُرق

حیدرآباد۔9فبروری ( آئی این این) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی سے متعلق سرمایہ کاری میں تغلب مقدمہ میں 53کروڑ روپئے مالیتی جائیدادیں قرق کرلی۔ یہ جائیدادیں منیجنگ ڈائرکٹر انڈوپراجکٹ لمٹیڈ انڈوکرو شیام پرساد ریڈی کی ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے مطابق سی بی آئی نے شیام پرساد ریڈی کے خلاف جو چارج شیٹ پیش کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جگن موہن ریڈی گروپ کی مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری کیلئے جگن کو رشوت ادا کی ہے ۔ نماگڈہ پرساد کی کمپنیوں کے توسط سے یہ رقم پہنچائی گئی تاکہ حکومت آندھراپردیش سے اُن کی کمپنیوں کو فائدے حاصل ہوسکیں۔انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ حیدرآباد زونل آفس نے جگن موہن ریڈی ‘ شیام پرساد ریڈی اور دیگر کے خلاف رقمی تصرف کا مقدمہ درج کیا تھا ۔آج جو جائیدادیں قرق کی گئیں ان میں 30کروڑروپئے مالیتی 150ایکڑ اراضی واقع سرورمنڈل ہے ۔ اس کے علاوہ اسی علاقہ میں واقع 100ایکڑ اراضی مالیتی 20کروڑ روپئے بھی قرق کرلئے گئے ۔