جگن اور دیگر کے 863کروڑ مالیتی اثاثہ جات قرق

نئی دہلی۔/5مارچ، ( پی ٹی آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ( ای ڈی ) نے رقمی خرد برد کے مقدمہ میں اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس لیڈر جگن موہن ریڈی اور ان کے ساتھیوں کے 863کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات قرق کرلئے۔ آندھرا پردیش میں انفراسٹرکچر پراجکٹ میں مبینہ طور پر کرپشن کی تحقیقات کے سلسلہ میں یہ کارروائی کی گئی۔ ای ڈی نے جگن اور نما گڈا پرساد کے خلاف علحدہ نوٹسیں بھی جاری کی ہیں جن کی کمپنیوں کی مبینہ طور پر سابق آندھرا پردیش حکومت ( جس وقت جگن کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی چیف منسٹر تھے) نے طرفداری کی تھی اور ان کمپنیوں کو وداریڈو اینڈ نظام پٹنم انڈسٹریل کوریڈار ( وانپک ) منظور کیا گیا تھا۔ اس پراجکٹ کا مقصد جنوبی ریاست کے ساحلی علاقوں اور اضلاع پرکاشم و گنٹور میں صنعتی راہداریوں کے علاوہ بندرگاہوں اور گرین فیلڈ ایرپورٹ کو فروغ دینا تھا۔

بی جے پی کی تائید کی وجہ سے تلنگانہ کا قیام: کشن ریڈی
حیدرآباد۔/5مارچ،( این ایس ایس ) صدر ریاستی بی جے پی جی کشن ریڈی نے کانگریس پارٹی اور صدر سونیا گاندھی کو تلنگانہ میں 11سو افراد کی موت کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ کے سریکانت چاری اور یادیا کی خودکشی کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر پر آئندہ انتخابات میں کانگریس کو سبق سکھانے پر زور دیا اور کہا کہ تلنگانہ ریاست کا قیام صرف بی جے پی کی تائید کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔