جگتیال میں عیدگاہ پر زعفرانی پر چم لہرانے سے کشیدگی

مسلمانوں کا راستہ روکو احتجاج،اشرار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے مسلمانوں کی عیدگاہ کی مینار پر زعفرانی پرچم لہرانے سے جگتیال میں حالات کشیدہ ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب شہر جگتیال کی قدیم عیدگاہ رحمت پورہ جگتیال پر نا معلوم شر پسندوںنے ہندو مسلم یکجہتی اور پرامن فضاء کو مکدر کرنے کیلئے گذشتہ رات عیدگاہ کی اونچی فصیل پر چڑھ کر عیدگاہ کی درمیانی مینار پر بی جے پی کا پرچم کو لہرادیا ۔ آج صبح جب مقامی مسلمانوں کی نظر اس پر پڑی تو جذبات بھڑک گئے اور اس کی خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عوام کا اژدھام جمع ہوگیا اور اس کے خلاف نعرہ بازی اور احتجاج شروع کردیئے ۔ اطلاع ملتے ہی سرکل انسپکٹر نریش کمار نے عیدگاہ پہنچ گئے اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ محمد ریاض خاں اور صدر عیدگاہ کمیٹی سید جمیل احمد ، محمد ریاض الدین ماما اور وائس چیر مین بلدیہ سراج الدین منصور کی موجودگی میں عیدگاہ پر واقع پر بی جے پی کے پرچم کو پولیس کی مدد سے نکال دیا گیا بعدازاں صدر ملت اسلامیہ اور عیدگاہ کمیٹی کے علاوہ مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ ہند چیر مین محمود علی افسر اور صدر صلاح الدین منا سکریٹری میر کاظم علی مکثر علی نہال نے جگتیال پولیس اسٹیشن پہنچ کر او ایس ڈی کریم نگر مسٹر سبا رائیڈو کو حالات سے واقف کرواتے ہوئے شکایت حوالے کئے ۔ اس موقع پر ذمہ داران کمیٹی نے او ایس ڈی سے پر زور مطالبہ کیا کہ خاطیوں کو جلد از جلد گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے شرپسندوں کے ساتھ پولیس کے نرم رویہ کی وجہ سے آئے دن عیدگاہ پر کسی نہ کسی طریقے سے شر پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے اس سے قبل بھی عیدگاہ کی حصار بندی پر شرپسندوں نے عیدگاہ کی حصار پر مسلمانوں کے خلاف غلط الفاظ تحریر کرتے ہوئے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی جبکہ مسجد چوک سرکل پر نا معلوم شخص کی جانب سے ایک خط کو بذریعہ ڈاک صدر مسجد کمیٹی کے نام پر روانہ کیا تھا۔

اس خط میں مسلمانوں کو انتباہ دیتے ہوئے ہندوستان چھوڑ کر پاکستان جانے اور برقعہ کے خلاف اور اس کے علاوہ اسم باری تعالی کے نام پر گستاخی کے الفاظ کرتے ہوئے روانہ کیاگیا تھا جس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے باوجود کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے شر پسندوں کی حوصلہ بلند ہورہے ہیں ۔انہوں نے پولیس سے خاظیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جس پر او ایس ڈی کریم نگر سبا رائیڈو انچارج ڈی ایس پی ڈی نرسیا اور سرکل انسپکٹر جگتیال نریش کمار اور مٹ پلی سرکل انسپکٹر راج شیکھر راجو نے تیقن دیا کہ اس واقعہ میںجو بھی ملوث ہوگا اس کو بخشا نہیں جائے گا کسی کے بھی مذہبی عبادگاہوں پر بے حرمتی کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے صبر و تحمل کرنے کی خواہش کی ۔ پولیس خاطیوں کو گرفتار کرنے کیلئے اپنا کام کرے گی اس موقع پر شہر جگتیال میں امن و امان کی برقراری کیلئے شہر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے بھاری پولیس کا بندوبست کیاگیا۔ اس موقع پر نوجوانوں نے خاطیوں کو گرفتار کرنے کیلئے نیشنل ہائی وے نظام آباد پر بڑے پیمانے پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر صدر جمعیت العلماء آندھرا پردیش حافظ پیر شبیر احمد نے ضلع کریم نگر ایس پی سے فون پر بات چیت کی اور رکن پارلیمنٹ شریمتی کویتا نے بھی ایس پی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے اس کی تحقیقات اور خاطیوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کئے اس کے علاوہ دوسرے مقامات سے مذہبی و قومی رہنماوں نے فون پر ربط کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کئے اور بعض جگتیال پہنچ کر جائزہ لئے لیکن مقامی سیاسی نمائندوں کی جگتیال میں رہ کر بھی عدم شرکت پر مسلمانوں میں بے چینی دیکھی گئی ۔ اس موقع پر مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ ہند جگتیال چیر مین محمود علی افسر صلاح الدین منا میر کاظم علی اور صدر ملت اسلامیہ ریاض خان ،سید جمیل احمد صدر عیدگاہ ،راشد احمد ،سراج الدین منصور ،منصور عثمانی ، محمد مجیب الدین ،مولانا عمر علی بیگ ،عبدالباری منیر الدین منا کونسلرس اور دیگر کثیر تعداد میں موجود تھے۔