جگتیال میں بی جے پی اور وی ایچ پی کارکنوں کی شر انگیزی

قریش برادری کے گھروں میں گھس کر جانوروں کو آزاد کرانے کی کوشش، خواتین کے ساتھ بدسلوکی
حیدرآبادا۔/23ستمبر، ( سیاست  نیوز) بی جے پی، وی ایچ پی کارکنوں نے جگتیال کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کی اور قریش برادری کے مکانوں میں داخل ہوکر جے شری رام کے نعرے لگائے اور خواتین کے ساتھ دھکم پیل کرتے ہوئے خواتین کے 7تولے سونے کے زیورات چھین لینے کا واقعہ پیش آیا۔ بڑے جانوروں کو پکڑنے کی ناکام کوشش کی گئی ۔ اس اطلاع کے ساتھ ہی جگتیال میں فوری حالات کشیدہ ہوگئے ، ہزاروں مسلم نوجوانوں نے جمع ہوکراحتجاج شروع کیا۔ پولیس کی جانب سے بڑے جانوروں کی منتقلی روکنے کی کوشش کی کی گئی۔ آج جگتیال میں اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب وی ایچ پی اور بی جے پی کے کارکنوں نے قریش برادری کے مکانوں میں پچھلے حصہ سے داخل ہوکر جے شری رام اور مسلمانوں کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے بڑے جانوروں کو چھوڑنے کی ناکام کوشش کی جس کی اطلاع جگتیال میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں نوجوان جمع ہوگئے اور بی جے پی اور وی ایچ پی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایسا واقعہ جگتیال میں پہلی مرتبہ پیش آیا۔ فرقہ پرست عناصر کو کھلی چھوٹ کا یہ نتیجہ ہے جبکہ گائے کی قربانی پر پابندی ہے اور گنیش منڈپوں کو سڑکوں پر بغیر راستہ چھوڑے نصب کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ہر سال مسجد کے سامنے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے جملے تحریر کرتے ہوئے شر انگیزی کی جارہی ہے لیکن پولیس کسی قسم کی کارروائی نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے شرپسندوں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں، آئے دن مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ آج کے اس واقعہ کے خلاف قریش برادری اور ان کے خواتین کی جانب سے وی ایچ پی اور بی جے پی کے 15کارکنوں کے نام پیش کرتے ہوئے شکایت کی گئی اور جگتیال کے مسلم قائدین بڑی تعداد میں ان کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر مقدمہ درج کرنے اور خاطیوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر سرکل انسپکٹر کروناکر نے مسلمانوں سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء کو مکدر کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا تیقن دیا۔ اس موقع پر جگتیال پولیس مختلف مقامات پر الرٹ کرتے ہوئے ڈیویژن پولیس کو طلب کرتے ہوئے خصوصی چوکسی رکھے ہوئے ہے۔ ایسے حالات میں جگتیال کی پُرامن فضاء بگڑجانے پر حالات بے قابو ہونے کا اندیشہ ہے۔