حیدرآباد۔ 23 ؍ فبروری ( این ایس ایس) ڈپٹی چیف منسٹر سی دامودر راج نرسمہا کی شریک حیات پدمنی ریڈی نے آج اعلان کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں وہ حلقہ سنگاریڈی سے کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی تورپو جئے پرکاش ریڈی( جگاریڈی) کے خلاف مقابلہ کریں گی ۔ پدمنی ریڈی نے آج یہاں صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے جگا ریڈی کی سخت مذمت کی جنہوں نے آئندہ انتخابات میں کم سے کم ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت حاصل کرنے کے لئے اپنے حامیوں پولنگ بوتھ پر قبضہ کرنے کی ترغیب دی تھی ۔ پدمنی ریڈی نے کہا کہ وہ جگا ریڈی کے غیر جمہوری طرز عمل کے خلاف صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ‘ گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور دیگر کئی ذمہ داروں کو مکتوب روانہ کرچکی ہیں جس میں سنگاریڈی رکن اسمبلی کے شیطانی عزائم کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے ۔