نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں جیویلرس کی قابل لحاظ تعداد نے آج بھی بند منایا جبکہ طلائی زیورات کی خریداری پر ایک فیصد اکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے خلاف تاجرین کا احتجاج جاری ہے۔ گولڈ ٹریڈرس، جیویلرس اور ارنٹیشن (کاریگروں) اکسائز ڈیوٹی کی تجویز کے خلاف 2 مارچ سے ہڑتال پر ہیں۔ تاہم ٹاملناڈو کے جیویلرس نے احتجاج سے دستبرداری اختیار کرلی ہے اور اپنا کاروبار حسب معمول شروع کردیا ہے۔ دریں اثناء حکومت نے جیویلرس کے مطالبہ کا جائزہ لیتے ہوئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جسے اندرون ایک ماہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
این آئی ٹی سرینگر میں عام حالات بحال
نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزارت فروغ انسانی وسائل نے آج بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر میں عام حالات بحال ہوگئے ہیں جہاں پر ورلڈ ٹی 20 کپ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست پر مقامی اور غیر مقامی طلباء کے درمیان تصادم ہوگیا تھا۔ سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کیمپس اور ہاسٹلوں میں صورتحال نارمل ہوگئی ہے اور پیر سے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔